• news

وہاڑی سمیت کئی شہروں میں بجلی و گیس کی لوڈشیڈنگ، شیخوپورہ میں شہریوں کا چولہے اٹھا کر مظاہرہ

شیخوپورہ/ وہاڑی (نمائندہ نوائے وقت + نامہ نگار) شیخوپورہ، وہاڑی سمیت کئی شہروں میں بجلی و گیس کی لوڈشیڈنگ سے صارفین پریشان، شیخوپورہ میں شہریوں نے خالی برتن اور چولہے اٹھا کر مظاہرہ کیا۔ تفصیل کے مطابق شیخوپورہ شہر اور اسکے نواحی علاقوں میں بجلی اور سوئی گیس کی لوڈشیڈنگ میں شدید اضافہ ہوگیا ہے جس سے صارفین سخت پریشان ہیں سینکڑوں شہریوں نے بجلی اور سوئی گیس کی لوڈشیڈنگ کے خلاف پریس کلب کے باہر احتجاج کیا جن میں شامل کئی افراد نے خالی برتن اور چولہے اٹھا رکھے تھے، ادھر ڈسٹرکٹ جیل شیخوپورہ کو بجلی کے دو فیڈروں سے ڈبل کنکشن دینے کے باوجود بھی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ کم نہیں ہوا جبکہ دونوں سٹیڈیم فیڈرز اور فیصل آباد روڈ فیڈر پر ایک ہی وقت میں لوڈشیڈنگ ہورہی ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ اس صورت حال سے جیل کے حکام نے لیسکو شیخوپورہ کو آگاہ کرتے ہوئے بتایا ہے کہ لوڈشیڈنگ کی وجہ سے جیل کی سکیورٹی سمیت کئی معاملات شدید متاثر ہو رہے ہیں۔ ادھر وہاڑی میں بجلی اور گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی وجہ سے ہر طبقہ پریشان ہے۔ گیس کی لوڈشیڈنگ سے گھریلو خواتین ذہنی مریض بننے لگی اور بجلی کی بندش سے تاجر طبقہ کی مشکلات بڑھ گئی جس پر عوامی وسماجی اورشہری حلقوں نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ بجلی اور گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ ختم کی جائے۔
لوڈشیڈنگ

ای پیپر-دی نیشن