• news

کرپشن : عدالت کا ایرانی صدر کی معاون کے بیٹے طہ ہاشمی کی گرفتاری کا حکم

تہران(این این آئی)ایران میں صدر حسن روحانی کے بھائی حسین فریدون اور روحانی کی معاون معصومہ ابتکار کے بیٹے کے خلاف بدعنوانی کے الزامات کے تحت عدالتی کارروائی کے لیے پیش رفت ہو رہی ہے۔ رواں برس مئی میں مقررہ صدارتی اور بلدیاتی انتخابات کے نزدیک آنے کے ساتھ ہی بدعنوانی کے ایسے کیسوں کے انکشاف میں اضافہ ہو گیا جن میں روحانی کے نزدیکی افراد ملوث ہیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایرانی عدلیہ کے ترجمان غلام حسین آجئی کا کہنا تھا کہ عدالت نے ایرانی صدر کی معاون برائے ماحولیاتی امور معصومہ ابتکار کے بیٹے طہ ہاشمی کی گرفتاری کا حکم دے دیا۔ ہاشمی کے خلاف اربوں ڈالر کے چیک باو¿نس ہونے کے الزامات ہیں۔ ایران کے قدامت پسند میڈیا نے معصومہ ابتکار پر الزام عائد کیا ہے کہ انہوں نے اپنے بیٹے کو فرار ہونے میں مدد دی تاکہ اس کو گرفتار نہ کیا جا سکے۔اسی سیاق میں ایرانی پارلیمنٹ کے 40 ارکان نے عدلیہ کے سربراہ کو ایک کھلا خط ارسال کیا ہے۔ خط میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ ایرانی صدر کے بھائی فریدون کے اقتصادی بدعنوانی اور رسول دانیال زادہ نامی تاجر سے رشوت لینے میں ملوث ہونے کے سبب ان کے خلاف فوری عدالتی کارروائی کی جائے۔ دانیال زادہ خود بھی بدعنوانی کی کیسوں میں گرفتار ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن