نئے جرمن وزیرخارجہ زیگمار گابریل پہلے غیرملکی دورے پر فرانس پہنچ گئے
پیرس/برلن(این این آئی)جرمنی کے نئے وزیر خارجہ زیگمار گابریل اپنا منصب سنبھالنے کے بعد فرانس پہنچ گئے ۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق جرمن وزارت خارجہ سے جاری کیے گئے ایک بیان میں کہاگیا کہ فرانسیسی دارالحکومت پیرس میں وہ اپنے ہم منصب ڑاں مارک ایغو کے ساتھ ایک میٹنگ میں شریک ہوں گے۔ فرانس کے دورے کے حوالے سے جرمن وزارت خارجہ کے ترجمان مارٹن شیفر نے کہا کہ دونوں ملکوں کے دوستانہ تعلقات میں فرانس کو غیرمعمولی اہمیت حاصل ہے۔ شیفر کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ یورپ کی تبدیل ہوتی صورت حال پر خاص طور پر اپنی توجہ مرکوز کریں گے۔ چانسلر میرکل نے گزشتہ روز اپنی کابینہ میں ردوبدل کرتے ہوئے وزارتِ خارجہ کا قلمدان سوشل ڈیموکریٹک پارٹی کے رہنما زیگمار گابریل کو سونپا تھا۔ سبکدوش ہونے والے وزیر خارجہ فرانک والٹر اشٹائن مائر کے رواں برس بارہ فروری سے صدر منتخب ہونے کا امکان ہے۔