فلسطینی صدر محمود عباس 17 رکنی وفد کے ہمراہ آج اسلام آباد پہنچیں گے
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) فلسطینی صدر محمود عباس تین روزہ دورے پر آج (پیر30 جنوری کو) پاکستان پہنچیں گے، دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس زکریا نے دورہ پاکستان کی تصدیق کر دی۔ دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ فلسطینی صدر محمود عباس کا تیسرا دورہ پاکستان ہوگا اور اس سے قبل وہ 2005 اور 2007 میں پاکستان کا دورہ کر چکے ہیں۔ نفیس زکریا کے مطابق فلسطینی صدر کے ہمراہ 17 رکنی وفد بھی ہوگا جن میں پانچ وزرا شامل ہوں گے۔ اپنے دورہ پاکستان کے دوران محمود عباس وزیراعظم نواز شریف سے ون آن ون ملاقات کریں گے جبکہ وفود کی سطح پر بھی مذاکرات ہوں گے۔ اس بات کا امکان ہے کہ وزیراعظم نواز شریف اور فلسطینی صدر محمود عباس اسلام آباد کے ڈپلومیٹک انکلیو میں نوتعمیر شدہ فلسطینی سفارتخانے کا بھی افتتاح کریں گے۔ نفیس زکریا کے مطابق فلسطینی صدر اور ان کا وفد صدر مملکت ممنون حسین سے بھی ملاقات کرے گا۔ انہوں نے بتایا کہ دونوں رہنمائوں کے درمیان ملاقات میں دوطرفہ سیاسی معاملات اور باہمی مفادات کے دیگر امور زیرغور آئیں گے۔ حکومت پاکستان نے 1992 میں اسلام آباد میں فلسطینی سفارتخانے کی تعمیر کے لیے زمین تحفے میں دی تھی اور 2013 ء میں پاکستان نے اس کی تعمیر میں معاونت بھی کی تھی۔ پاکستان ہر بین الاقوامی فورم پر فلسطینیوں کی خودمختار سرزمین کے حصول کی جدوجہد کی حمایت بھی کرتا ہے۔