• news

دھرنا گروپ نے الزامات لگانے کے سوا کچھ نہیں کیا، عوام ترقی مخالفین کا محاسبہ کریں گے: شہباز شریف

لاہور / رائے ونڈ (خبر نگار + نامہ نگار)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے گذشتہ روز پروٹوکول اور بغیر سکیورٹی تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال رائیونڈ کا اچانک دورہ کیا۔ انتظامیہ بھی وزیراعلیٰ کے اچانک دورے سے مکمل طورپر لاعلم رہی۔ وزیراعلیٰ نے وارڈز میں مریضوں کی عیادت کی اور ان سے ہسپتال میں علاج معالجہ کی سہولتوں اور مفت ادویات کی فراہمی کے بارے میں دریافت کیا۔ وزیراعلیٰ نے بعض جگہوں پر صفائی معیار کے مطابق نہ ہونے پر سخت ناراضی کا اظہارکیا اورہسپتال انتظامیہ کی سرزنش کی۔ وزیراعلیٰ نے ہسپتال میں سروسز فراہم کرنے والے ادارے کو ہدایت کی انتظامات مزید بہتر بنائے جائیں اور مریضوں کو معیاری سہولتیں فراہم کی جائیں۔ وزیراعلیٰ نے مزید ہدایت کی شام کی شفٹ میں کنسلٹنٹ کی موجودگی کو یقینی بنایا جائے تاکہ شام کے وقت آنے والے مریضوں کو بھی بہترین علاج معالجے کی سہولتیں مہیا ہوسکیں۔ وزیراعلیٰ نے وارڈز میں بجلی کے بیک اپ ہیٹرز نہ ہونے پر شدید برہمی کا اظہار کیا اور کہا ایم ایس کے دفتر میں بجلی کا ہیٹر تو موجود ہے لیکن مریضوں کیلئے وارڈز میں ہیٹرز کا نہ ہونا افسوسناک ہے، میں نے یہ ہسپتال مریضوں کیلئے بنایا ہے، ایم ایس کیلئے نہیں۔ وزیراعلیٰ نے ہسپتال میں موجود ڈاکٹروں، نرسوں اور دیگر عملے کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے جذبے کے ساتھ کام کیا جائے۔ جب تک مریضوں کو تسلی بخش علاج مہیا نہیں ہوجاتا، ہسپتالوں کے اچانک دورے کرتا رہوں گا۔ عوام کا اطمینان ہی میری کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب کوئی مریض کہتا ہے کہ میرا علاج ٹھیک ہورہا ہے تو میرا خون بڑھ جاتا ہے۔ میں نے ہسپتالوں کی صورتحال بدلنے کا تہیہ کرلیا ہے اور اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھوں گا جب تک مریضوں کو ان کی توقعات کے مطابق علاج معالجے کی معیاری سہولتیں میسر نہیں آجاتیں اور اس ضمن میں وسائل میں کمی نہیں آنے دیں گے۔ مریضوں اور ان کے لواحقین نے وزیراعلیٰ سے گفتگو کرتے ہوئے ہسپتال میں مفت ادویات کی فراہمی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ رائے ونڈ سے نامہ نگار کے مطابق شہباز شریف کو ہسپتال سے متعلقہ عوامی مسائل سے آگاہ کیا۔ ایک شہری نے ہسپتال کے سامنے پارکنگ پر قبضے کا معاملہ اٹھایا جس پر وزیراعلیٰ نے انکوائری کا حکم دیا ہے۔ خبرنگار کے مطابق ماڈل ٹائون میں قصور کے علاقے میں سرکاری اراضی ہتھیانے کی کوشش ناکام بنانے والے اینٹی کرپشن اور پراسیکیوشن کے محکموں کے افسروں کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محمد شہبازشریف نے کہا پنجاب حکومت کے اداروں نے قصور میں 1200کنال سرکاری زمین فراڈ اور دھوکہ دہی کے ذریعے ہتھیانے کی کوشش ناکام بنا کرشاندار کارنامہ سرانجام دیا ہے، میں اینٹی کرپشن، پراسکیوشن اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کو اس بہترین کارکردگی پرمبارکباد دیتا ہوں۔کروڑوں روپے مالیت کی سرکاری اراضی ہتھیانے کی کوشش کرنیوالے تمام ملزم قانون کی گرفت میں ہیں اور وہ قرار واقعی سزا سے کسی صورت بچ نہیں پائیں گے۔ قانون سب کیلئے برابر ہے، کوئی قانون سے بالاتر نہیں۔ سیاستدان ہو یا سرکاری افسر جو کرپشن کرے گا وہ قانون کی گرفت میں آئے گا اور سزا پائے گا، اپنے عہدے کا ناجائز استعمال کر کے کرپشن کرنے والے سرکاری افسران عہدوں پر رہنے کے نہیں بلکہ کڑی سزاکے حقدار ہیں۔ بدقسمتی کی بات ہے کہ قوم کی دولت پر ہاتھ صاف کرنے والے خود کو باعزت بھی سمجھتے ہیں اورغریب قوم کے اربوں روپے کی خیانت بھی کرتے ہیں۔ اداروں نے عدالت عالیہ اور عدالت عظمیٰ سے ملزموں کی ضمانتیں خارج کرانے اور انہیں قانون کی گرفت میں لانے کیلئے بڑی محنت سے کام کیا جس پر میں انہیں شاباش دیتا ہوں۔ فراڈ اور دھوکہ دہی سے لوٹے گئے وسائل آج قوم کو واپس لوٹائے جارہے ہیں۔ پنجاب حکومت کایہ ایک شاندار کام ہے جس کی بھر پور پذیرائی کی جانی چاہیے۔ وزیراعلیٰ نے بہترین کارکردگی دکھانے والے افسران میں نقد انعامات اور تعریفی اسناد بھی تقسیم کیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا میرا واضح پیغام ہے جو بہترین کام کریں گے انہیں سر آنکھوں پر بٹھائیں گے جبکہ برا کام کرنے والوں کو سزا ملے گی۔ شہبازشریف سے گذشتہ روز وزیراعظم کے سابق مشیر امیر بخش بھٹو نے ملاقات کی جس میںباہمی دلچسپی کے امور اور سیاسی معاملات پر بات چیت ہوئی۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ’’میں‘‘ کی روش ملک و قوم کیلئے زہر قاتل ہے۔ جو سیاسی عناصر ’’میں‘‘کی روش پر عمل پیرا ہیں وہ ملک و قوم سے دشمنی کررہے ہیں۔ پاکستان کو آگے لیکر جانے کیلئے ’’ہم ‘‘ کے راستے پر چلنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ دھرنا گروپ کے ناکام سیاستدانوں اور کرپشن زدہ سابق حکمرانوں نے ملک کا بیڑا غرق کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ وسائل کی لوٹ مار اور دھرنوں کے ذریعے ترقی کے سفر میں رکاوٹیں کھڑی کرنیوالوں نے عوام سے دشمنی کی۔ ملک کی ترقی کے خلاف سازشیں کرنے والوں کے چہرے عوام کے سامنے بے نقاب ہوچکے ہیں۔ عوام پاکستان کی ترقی کے مخالفین کا محاسبہ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ ساڑھے تین سال کے دوران دھرنا گروپ نے بے بنیاد الزامات لگانے، بہتان تراشی اورجھوٹ بولنے کے سوا کچھ نہیں کیا۔ قبضہ گروپوں اور قرضے معاف کرنے والوں کو ساتھ ملاکر تبدیلی کے بے بنیاد دعوے دفن ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمدنوازشریف نے پاکستان کو امن اور ترقی کی راہ پر گامزن کردیا ہے اور مخالفین کو یہ ترقی ہضم نہیں ہورہی۔ محمد شہبازشریف سے گذشتہ روز ترکی کی وزارت صحت کے ڈائریکٹر جنرل برائے یورپی یونین و بین الاقوامی امور ڈاکٹر اونر گنر کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی،جس میں پنجاب کے ہیلتھ کیئر سسٹم میں بہتری کے حوالے سے اصلاحاتی پروگرام پر پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ترکی کا ہیلتھ کیئر سسٹم انتہائی شاندار اور منظم ہے اور ترکی نے منظم اور جامع اصلاحات کر کے اپنے ہیلتھ کیئر سسٹم کو بہتر بنایا ہے ہم بھی ترکی کے ماڈل سے استفادہ کرتے ہوئے پنجاب کے ہیلتھ کیئرسسٹم کو حقیقی معنوں میں بہترین سروسز فراہم کرنیوالا نظام بنائینگے۔

ای پیپر-دی نیشن