میاں صاحب نے چوری سے پیسہ خود بنایا، ذلیل ہونے کے لئے بچوں کو آگے کر دیا: عمران
ساہیوال (نامہ نگار+ نیوز ایجنسیاں+ نوائے وقت نیوز) تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان نے ظفر علی سٹیڈیم ساہیوال میں جلسہ عام سے خطاب کر تے ہوئے کہا ہے کہ پانامہ کیس کا سپریم کورٹ کا فیصلہ قبول کریں گے تاہم ہم نواز شریف کو پاکستان میں کرپشن نہیں کرنے دیں گے اور کرپشن سے بیرون ملک بھیجا گیا تمام پیسہ واپس لا کر دم لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی صدر ٹرمپ نے پاکستان کے ویزے بند کئے تو پاکستان بھی ایران کی طرح امریکہ کے ویزے بند کرے گا، امریکہ ویزے روک دے گا تو پاکستان کو اس کا بڑا فائدہ ہو گا کیونکہ حکمرانوں کو بیرون ملک پیسہ بھیجنا مشکل ہو جائے گا اور پاکستان درست سمت میں چل پڑے گا۔ ہم آئی ایم ایف سے قر ضے نہیں لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح ایماندار شخص تھے اور انہوں نے ہندوستان میں حق کی آواز بلند کی۔ شریف خاندان نے جھوٹ کے ریکارڈ توڑ دیئے ہیں، نواز شریف نے بچوں کو آگے کر دیا ہے اور جھوٹ کو چھپانے کی خاطر سپریم کورٹ میں رسمی خط لائے جا رہے ہیں جس کی کوئی حیثیت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی کر پشن کی وجہ سے ادارے تباہ ہو گئے، پاکستان میں سٹیل مل بند ہے جبکہ سعودی عرب میں حکمرانوں کی سٹیل مل چل رہی ہے۔ پاکستان میں میرٹ کا نظام متعارف کرائیں گے، کسانوں کو بھارت سے زیادہ مراعات دیں گے، نوکریاں میرٹ پر دیں گے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ صوبہ خیبر پی کے میں تعلیم، صحت اور پولیس کا مثالی نظام قائم ہو گیا۔ صوبہ میں قرآن پاک پڑھنا تعلیم میں لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔ ہیلتھ انشورنس اور انصاف صحت کارڈ جاری کر کے ہسپتالوں میں ہر شہری پانچ لاکھ روپے تک مفت علاج کرا سکے گا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ایک امریکی کمپنی نے صوبہ خیبر پی کے میں سوئی گیس کے ذخائر کی تلاش کے لئے این او سی مانگا وفاقی حکومت نے نہیں دیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پچاس ہزار میگاواٹ بجلی ہائیڈرو سے حاصل کی جا سکتی ہے لیکن شریف برادران اپنے حصے داروں سے مل کر بین الاقوامی سطح پرکوئلے کے بند ہونے والے پلانٹ پاکستان لا کر صرف کمشن کی خاطر لگا رہے ہیں جس سے نہ صرف ساہیوال اور دوسرے علاقوں میں آلودگی پھیلے گی بلکہ بیماریاں بھی پیدا ہونگی۔ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے تحریک انصاف ساہیوال کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مودی ہمارا پانی بند کر رہا ہے، نواز شریف برفانی علاقوں کی سیروں پر نکل جاتے ہیں، وزیراعظم کو ڈیووس میں کسی نے کرپشن پر خطاب نہیں کرنے دیا جس سے ملک کی جگ ہنسائی ہوئی۔ شیخ رشید نے کہا کہ نواز شریف کوئلے کا بوسیدہ پلانٹ ساہیوال لگا رہے ہیں جس سے بچے معذور ہونگے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پورٹ قاسم اور ساہیوال کے پاور پلانٹ نواز شریف کی اپنی ملکیت ہیں۔ جہانگیر ترین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شیخ رشید کی لال حویلی کی طرف اگر حکمرانوں نے دیکھا تو تحریک انصاف شیخ رشید کے ساتھ کھڑی ہے۔ نواز شریف ٹولہ کو بھگا کر دم لیں گے۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پانامہ لیکس پر دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو نے والا ہے جس کی وجہ سے حکمران دھمکیوں پر اتر آئے ہیں۔ پی ٹی آئی نے اپنا مقدمہ سپریم کورٹ میں رکھا ہے جس کے بعد جب قومی اسمبلی میں پیش کیا تو مسلم لیگ (ن) کے وزیروں نے تحریک انصاف کے ارکان پارلیمنٹ پر دھاوا بول دیا۔ اب ایوان میں کہہ رہے ہیں کہ تحریک انصاف معافی مانگے، تحریک انصاف اب ساہیوال کی عوامی عدالت میں آگئی ہے اور اب ہم عوام کی خواہشات کے مطابق انصاف لے کر دم لیں گے۔ ٹی وی کے مطابق عمران نے کہا ہے کہ میاں صاحب نے چوری سے پیسہ تو خود بنایا لیکن ذلیل ہونے کیلئے بچوں کو آگے کر دیا، مجھے ان پر ترس آرہا ہے، پانامہ کیس سے پاکستان کے مستقبل کا فیصلہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا اصل مسئلہ حکمرانوں کی کرپشن ہے۔ عوام میرے لئے دعا کریں کہ میں کرپشن کے بادشاہ کا احتساب کر سکوں۔ مجھے کرپشن کے خلاف اس ملک کی ماؤں کی دعائیں چاہئیں۔ عمران خان نے کہا کہ گزشتہ روز امریکہ میں پاکستانی لڑکی پر تشدد کیا گیا‘ اس لڑکی کا قصور صرف یہ تھا کہ وہ مسلمان تھی۔ میں دعا کرتا ہوں کہ ڈونلڈ ٹرمپ حقیقی معنوں میں پاکستانیوں کا ویزہ بند کر دے‘ پھر ہم اپنے ملک کو ٹھیک کر لیں گے۔ عمران نے کہا کہ ہم نے فیصلہ کر لیا ہے کہ کسی سے امداد نہیں لینی۔ ہم امریکہ اور آئی ایم ایف سے قرضہ نہیں لیں گے۔ کسانوں کی ایسی مدد کریں گے جیسے ہندوستان کی حکومت کرتی ہے۔ صباح نیوز کے مطابق انہوں نے کہا نواز شریف کو منتخب کر کے ہمیں تو سزا مل رہی ہے اور امریکیوں کو بھی بہت جلد ٹرمپ کو منتخب کرنے پر سزا ملے گی۔ ملک کا لوٹا گیا پیسہ واپس لانے تک چین سے نہیں بیٹھوں گا۔ بھارت کی جانب سے دریائے سندھ کا پانی بند کرنے کی دھمکی کا جواب بھی دے دیا۔