شہر میں جلسہ نہیں جلسی ہوئی‘ مردم شماری میں گڑبڑ عوام مسترد کردینگے: فاروق ستار
کراچی (نوائے وقت رپورٹ+آئی این پی) ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار نے پاک سرز مین پارٹی کے تبت سینٹر پر جلسے کو جلسی قرار دیتے ہوئے کہا ہے شہر میں جلسہ نہیں جلسی کی گئی، چھوٹی چھوٹی سڑکوں پر لوگوں کو بڑھا چڑھا کر دکھایا گیا، مردم شماری ہمارا حق ہے اور ہم اپنے حق پر کسی کو ڈاکا نہیں ڈالنے دیں گے، 1998میں کراچی کی عوام کو کم کر کے دکھایا گیا جو عوام کے ساتھ ناانصافی ہے، آبادی کو کم کرکے دکھایا گیا یا ایسا کرنے کی کوشش کی گئی تو عوام اسے تسلیم نہیں کریں گے۔ محفل نعت سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کوئی بھی مذہب کسی انسان کے قتل کی اجازت نہیں دیتا ایسے قدم انسان خود اپنی کم عقلی اور جہالت کی وجہ سے اٹھاتا ہے، جبکہ ہمارا حکومت سندھ سے مطالبہ ہے سندھ کے وڈیروں پر لگام ڈالی جائے۔آبادی کی صحیح اور شفاف گنتی ہونی چاہیے‘ مردم شماری میں گڑبڑ سندھ کے عوام مسترد کردینگے۔ فاروق ستار اور دیگر پارٹی رہنمائوں سے رکن قومی اسمبلی علی رضا عابدی نے ملاقات کی ہے۔ علی رضا عابدی ایم کیو ایم کے عارضی مرکز پی آئی بی پہنچے۔ پارٹی رکنیت منسوخ کئے جانے کے بعد انکی فاروق ستار اور دیگر پارٹی رہنمائوں سے پہلی باقاعدہ ملاقات ہے۔ ان کی رکنیت بحال کئے جانے کا امکان ہے۔