کراچی:وارداتوں سے تنگ شہریوں نے ایک ڈاکو مار ڈالا دوسرے کوزندہ جلادیا
کراچی (اے این این) شہر کے مختلف علاقوں میں جرائم کی بڑھتی ہوئی وارداتوں سے تنگ عوام نے خود ہی سڑکوں پر عدالت لگا لی ٗ تشدد کرکے ایک ڈاکو کو مار ڈالا جبکہ دوسرے کو زندہ جلا دیا‘ واقعہ میں 2 ڈاکو شدید جھلس گئے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے لانڈھی بابر مارکیٹ کے قریب ڈاکو دودھ کی دکان پر ڈکیتی کر رہا تھا کہ شہریوں کے ہتھے چڑھ گیا، شہریوں نے پہلے اسے تشدد کا نشانہ بنایا اور پھر فائرنگ کرکے اسے ہلاک کر دیا۔ اسی طرح کا ایک اور واقعہ کورنگی اللہ والا ٹاؤن میں پیش آیا جہاں ڈاکو واردات کررہے تھے کہ شہریوں نے انہیں بھی دھر لیا اور تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد آگ لگا دی جس سے ایک ڈاکو ہلاک اور 2 جھلس گئے۔ اس کے علاوہ ابراہیم حیدری تھانے کی حدود سے بھی تشدد زدہ لاش ملی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں ڈاکو شہریوں کے تشدد اور فائرنگ سے ہلاک ہوئے جن کی شناخت کی جا رہی ہے تشدد کرنے والوں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔ ڈی آئی ایسٹ کے مطابق ملزمان کو پولیس نے فضل الہی ہسپتال کے قریب سے گرفتار کرکے ان کے قبضے سے اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد کر لی ہے۔ پولیس نے ضابطے کی کارروائی اور زخمی ملزمان کو ہسپتال منتقل کر دیا ہے۔
کراچی(کرائم رپورٹر+نوائے وقت رپورٹ)پرانی سبزی منڈی میں ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب پولیس مقابلے میں ایک ملزم ہلاک ہوگیا ،مقابلے دو پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے،تفصیلات کے مطابق پی آئی بی کالونی تھانے کی حدود پرانی سبزی منڈی جھنڈے شاہ قبرستان کے قریب پولیس مقابلے میں ایک ملزم مارا گیا ،ایس ایچ او صفدر مشوانی کے مطابق پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ مذکوہ مقام پر منشیات فروش اور گینگسٹر موجود ہیںجس پر پولیس کے وہاں کارروائی کی تو ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کردی،جس کے نتیجے میں طلعت آرائیں،نعمان زخمی ہوگئے،جنہیں آغاخان اسپتال منتقل کیا گیا،انہوں نے بتایا کہ پولیس کی جوابی فائرنگ میںایک منشیات فروش مارا گیا جس کے قبضے سے منشیات بھی برآمد ہوئی۔ جبکہ دوسرے واقعہ میں موچکو تھانے کی حدود میں پولیس کے مبینہ مقابلے میں ایک ملزم ہلاک ہوگیا۔ملزم کی عمر 30 سال بتائی جاتی ہے،تاہم اس کی شناخت نہیں ہوسکی ۔دریں اثناء کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں ایک شخص ہلاک اور تین افراد زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق ابراہیم حیدری کے علاقے میں نامعلوم افراد نے ایک نوجوان کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا پولیس کے مطابق مقتول کی لاش اتوار کی صبح بھٹائی کالونی سے ملی مقتول کے جسم پر تشدد کے نشانات تھے اور اسے سر پر گولی مارکر ہلاک کیا گیا تھا اس کی شناخت نہیں ہوسکی ہے اور اس بارے میں تفتیش جاری ہے۔ ادھر لانڈھی نمبر ایک میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص30سالہ اعجاز زخمی ہوگیا قائدآباد میں ایک نوجوان22سالہ مزمل حسین کو فائرنگ کرکے زخمی کردیا گیا جبکہ لانڈھی کے علاقے فیوچر کالونی میں مسلح افراد کی فائرنگ سے 28سالہ نصیب خان ولد لالی خان زخمی ہوگیا۔ مزید برآں پولیس اور حساس ادارے نے کراچی میں کارروائی کرکے 4 مبینہ ٹارگٹ کلرز کو گرفتار کرلیا۔ ایس ایس پی ایسٹ کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان سے کلاشنکوف، پستول اور دیگر اسلحہ برآمد ہوا ہے۔ گرفتار ٹارگٹ کلرز کا تعلق سیاسی جماعت سے ہے۔ ملزمان کی شناخت نعیم، سلمان، عقیل اور شاہد کے نام سے ہوئی ہے۔ ملزمان نے اورنگی ٹائون شارع فیصل میں قتل کی وارداتیں کیں۔