حکومت، اپوزیشن سمیت سیاسی و سماجی تنظیمیں کشمیر کے مسئلے پر ایک ہو جائیں: حافظ سعید
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعۃ الدعوۃ حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں بدترین مظالم کے ذریعے بین الاقوامی قوانین کی دھجیاں بکھیر رہا ہے۔ ممنوعہ ہتھیاروں کے استعمال پر سلامتی کونسل اور دیگر اداروں کی خاموشی افسوسناک ہے۔ عشرہ کشمیر کے دوران ضلعی سطح پر کامیاب آل پارٹیز کانفرنسوں کا سلسلہ جاری ہے۔ کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے منعقدہ پروگراموں میں ملک بھر کی جماعتوں، وکلائ، تاجروں،طلباء اور سول سوسائٹی کی طرف سے بھرپور شرکت کی جا رہی ہے۔ سال 2017ء کو کشمیر کے نام کرنے کا ہر جگہ خیر مقدم کیا جا رہا ہے۔ یکم سے پانچ فروری تک پورے ملک میں بڑے جلسے، کشمیرکارواں اور ریلیوں کا انعقاد کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز القادسیہ چوبرجی میں کارکنوں اور ذمہ داران کی تربیتی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ حافظ محمد سعید نے مزید کہاکہ مودی سرکارنے بیرونی قوتوں کی شہ پر آٹھ لاکھ فوج کے ذریعہ کشمیریوں کی نسل کشی کا سلسلہ شروع کررکھا ہے لیکن دنیا کے سامنے جھوٹا پروپیگنڈا پاکستان کیخلاف کیا جا رہا ہے۔ حکومت پاکستان کو چاہئے کہ وہ کشمیریوں کے حقیقی وکیل ہونے کا کردار اداکرے۔ حکومت و اپوزیشن سمیت تمام سیاسی و سماجی تنظیمیں کشمیر کے مسئلہ پر ایک ہو جائیں۔ نریندر مودی آئے دن پاکستان کا پانی بند کرنے کا دھمکیاں دے رہا ہے لیکن ہم صاف طور پر کہتے ہیں کہ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کے نتیجہ میں خطہ کشمیر پر بھارت کا غاصبانہ قبضہ برقرار نہیں رہے گا اور مقبوضہ کشمیر ان شاء اللہ ڈیموں سمیت پاکستان کا حصہ بنے گا۔ حکمرانوں کو چاہیے کہ وہ انڈیا سے دوستی والا رویہ ترک کریں اور تحریک آزادی کشمیر کو مضبوط بنانے میں کشمیریوں کا کھل کر ساتھ دیں۔ آزادی کی تحریک کشمیریوں کی اپنی ہے ۔ ہم سب کے دل اکٹھے دھڑکتے ہیں۔ آج صورتحال یہ ہے کہ کشمیر میںبچے غلیل میں پتھر رکھ کر سنگ بازی کر رہے ہیں۔ ان کی تصویریں دنیا کو پیغام دے رہی ہیں۔ یہ وہ قربانیاں ہیں جنہوں نے آزادی کا علم بلند کر رکھا ہے۔ انہوںنے کہاکہ تحریک آزادی کشمیر میں اپنا خون اور قربانیاں پیش کرنے والے کشمیریوں کو ہم خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور یقین دلاتے ہیں کہ انہیں مشکل وقت میں کسی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ مولانا سیف اللہ خالد، ابوالہاشم ربانی، مولانا ادریس فاروقی و دیگر نے کہاکہ تحریک آزادی کو طاقت و قوت کے بل بوتے پر دبانے کی سازشیں کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔