آزاد کشمیر اور برٹش کونسل کے درمیان فروغ تعلیم کا پہلا براہ راست معاہدہ
لندن (اے این این) آزاد کشمیر کی حکومت نے سرکاری سکولوں کے چھ ہزار سے زیادہ اساتذہ کی تربیت اور معیاری تعلیم کے فروغ کے سلسلے میں برطانوی ادارے برٹش کونسل کے ساتھ معاہدہ کیا ہے۔ معاہدے پر دستخط لندن میں آزاد کشمیر کے وزیر تعلیم سید افتخار گیلانی اور برٹش کونسل کے سربراہ سیارن ڈیوان نے پاکستانی کشمیر کے وزیراعظم راجہ فاروق حیدر کی موجودگی میں کئے۔ حکام کے مطابق پاکستانی کشمیر اور برطانوی حکومت کے درمیان یہ پہلا بار براہ راست معاہدہ ہے۔ معاہدے پر عملدرآمد کے نتیجے میں چھ ہزار اساتذہ کو تربیت فراہم کی جائے گی جس سے ساڑھے چار لاکھ طلبہ مستفید ہونگے۔ معاہدے کے تحت لاکھوں طلبہ کو انگریزی کی تعلیم بھی دی جائے گی۔ پاکستانی کشمیر کے محکمہ تعلیم کے سینٹر برائے ایجوکیشن اسسمنٹ کے کوآرڈینیٹر خواجہ جاوید اقبال نے وائس اف امریکہ کو بتایا کہ اس دو سالہ منصوبے کے تحت اساتذہ کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں میں اضافے سے تعلیمی نتائج میں بہتری آئے گی۔ پاکستانی کشمیر میں سرکاری میں معیاری تعلیم نہ ہو نے کی وجہ سے والدین بچوں کو نجی تعلیمی اداروں میں پڑھانے پر ترجیح دیتے ہیں۔ اور ماضی میں سیاسی بنیادوں پر اساتذہ کی بھرتی سرکاری تعلیمی اداروں میں معیار تعلیم پست ہو نے کی بڑی وجہ قرار دی جاتی ہے۔
آزاد کشمیر/ معاہدہ