• news

چیئرمین نج کاری کمشن : محمد زبیر کو گورنر سندھ مقرر کر دیا گیا‘ میئر کراچی کو اختیارات دینے کی حمایت

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی+ایجنسیاں) وفاقی حکومت نے وزیر مملکت اور چیئرمین نجکاری کمشن محمد زبیر عمر کو گورنر سندھ مقرر کردیا، صدر مملکت نے وزیراعظم کی ارسال کی گئی سمری پر دستخط کردئیے، گورنر سندھ کا عہدہ سابق گورنر سعید الزماں صدیقی کے انتقال کے بعد سے خالی تھا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق صدر اور وزیراعظم ملاقات میں محمد زبیر کو گورنر سندھ کے عہدے پر تعینات کرنے کا فیصلہ ہوا، ان کی حلف برداری جمعرات کو ہوگی۔ وہ سندھ کے 32 ویں گورنر ہوں گے۔ ڈاکٹر عشرت العباد خان کے بعد گورنر سندھ کا عہدہ سنبھالنے والے جسٹس(ر) سعید الزماں صدیقی 11 جنوری 2017 کو شدید علالت کے باعث انتقال کرگئے تھے، وہ محض 2 ماہ اس عہدے پر فائز رہے، ان کے بعد سے سپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی قائم مقام گورنر سندھ کے عہدے پر تعینات تھے، زبیر عمر نے کہا کہ سندھ بہت حساس صوبہ ہے اس میں مختلف زبان بولنے والے افراد رہتے ہیں جن کو ساتھ لے کر چلنا ہوگا ‘کوشش کروں گا کہ سندھ سے متعلق جو وفاق کی ترجیحات ہوں ان پر پورا اتر سکوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کراچی میں امن وامان کی صورتحال گزشتہ 20 ، 25 سال سے اچھی نہیں تھی جو ہماری حکومت میں کراچی آپریشن کے بعد بہتر ہوئی اور اب سب سے بڑا چیلنج شہر کو معاشی حب کی صورت میں واپس لانا ہے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے محمد زبیرعمر نے کہا کہ کراچی میں میئر کے اختیارات کا مسئلہ حل کریں گے، اختیارات لوکل گورنمنٹ کا بنیادی حق ہے، میئر کو کراچی کو اختیارات ملنے چاہئیں۔ زبیر عمر 1981 سے 2007 تک امریکہ کی معروف آئی ٹی کمپنی آئی بی ایم کے ساتھ وابستہ رہے اور وہ پیرس ، روم ، میلان اور دبئی میں بھی فرائض سر انجام دیتے رہے ۔ 26 سال تک وہ آئی بی ایم کے ساتھ وابستہ رہے اور کئی ممالک میں اہم ذمہ داریاں نبھائیں مسلسل محنت سے وہ چیف فنانشل آفیسر کے عہدے تک پہنچے۔ انہوں نے بزنس ایڈمنسٹریشن میں ماسٹر ڈگری تک تعلیم حاصل کر رکھی ہے۔ زبیر عمر اوور سیز انویسٹر چیمبرز آف کامرس انڈسٹری کے ساتھ 2004-07 تک وابستہ رہے۔ وہ تحرےک انصاف کے رہنما اسد عمر کے بڑے بھائی ہےں۔
گورنر سندھ

ای پیپر-دی نیشن