بدعنوانی برائیوں کی جڑ، ملکی ترقی کو دیمک کی طرح چاٹ رہی ہے: چیئرمین نیب
اسلام آباد(نامہ نگار) قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین قمر زمان چوہدری نے کہا ہے کہ بدعنوانی تمام برائیوں کی جڑ ہے جو ملکی معاشی و اقتصادی ترقی کو دیمک کی طرح چاٹ رہی ہے، نیب ملک کو بدعنوانی سے پاک کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے گا، نیب کی بدعنوانی سے انکار کی مہم کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں، نیب 2017ء میں بھی اس پر عملدرآمد جاری رکھے گا، تفصیلات کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیب ہیڈ کوارٹرز میں ملک بھر میں جاری بدعنوانی سے انکار کی آگاہی مہم پر تازہ ترین پیشرفت سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ قومی احتساب بیورو نیب آرڈیننس کے تحت بدعنوانی کی روک تھام کیلئے آگاہی کے طریقہ کار پر عمل پیرا ہے، نیب ملک بھر میں لوگوں میں بدعنوانی سے متعلق آگاہی پیدا کرنے کیلئے مختلف سرکاری، غیر سرکاری تنظیموں، میڈیا، سول سوسائٹی اور معاشرہ کے مختلف طبقات سے مل کر مہم چلا رہا ہے۔ زندگی کے مختلف طبقات کی تجاویز کی روشنی میں بدعنوانی سے انکار کی مہم کو پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا میں مؤثر انداز میں اجاگر کیا گیا ہے۔ نیب کی موجودہ انتظامیہ نے ملک بھر سے بدعنوانی کی روک تھام کیلئے زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے متعدد اقدامات کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی حالیہ رپورٹ میں کرپشن پرسپشن انڈیکس میں پاکستان کی 9 درجہ بہتری آئی ہے، پاکستان نے یہ کامیابی نیب کی کوششوں سے حاصل کی ہے، پاکستان عالمی اقتصادی فورم کی رپورٹ میں 126 ویں سے 122 ویں نمبر پر آ گیا ہے۔