دہشت گردافغانستان کے کمزور بارڈر نظام کا فائدہ اٹھارہے ہیں
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) پیر کے روز خیبر ایجنسی میں واقع پاکستان کی ایک سیکیورٹی چیک پوسٹ پر سرحد پار افغان علاقہ سے کئے گئے حملہ میں پاک فوج کا ایک سپاہی شہید ہو گیا ہے۔ سپاہی وقاص، اس حملہ میں زخمی ہو گیا تھا جو بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لا کر سی ایم ایچ پشاور میں جام شہادت نوش کر گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق افغان علاقہ میں خراب سرحدی انتظامات کا فائدہ اٹھا کر دہشت گرد اس نوعیت کے حملے کرتے ہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ ’’افغان سرحد سے دہشت گردوں کی آزادانہ نقل و حرکت کی کڑی نگرانی کی ضرورت ہے‘‘۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے شہید سپاہی کو خراج عقیدت پیش کیا۔ وقاص کی نماز جنازہ کور ہیڈکوارٹرز پشاور میں ادا کی گئی، جس میں کورکمانڈر لیفٹیننٹ جنرل نذیر احمد بٹ، آئی جی ایف سی میجر جنرل شاہین مظہر محمود، چیف سیکریٹری خیبر پختونخوا اور بڑی تعداد میں فوجی افسران اور سپاہیوں نے شرکت کی۔