شریف برادران کی سیاست کا خاتمہ پانامہ لیکس نہیں سانحہ ماڈل ٹائون کیس سے ہوگا: طاہر القادری
لاہور (خصوصی نامہ نگار)پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس میں پیش ہونیوالے عوامی تحریک کے وکلاء کے پینل سے ویڈیو لنک پر کیس سے متعلق مکمل بریفنگ لی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شریف برادران کی سیاست کا خاتمہ پانامہ لیکس نہیں سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس سے ہوگا، جسٹس باقر نجفی جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ سے قبل حکومت کی بنائی جے آئی ٹی نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے حوالے سے انگلی شریف برادران کی طرف کی تھی۔ انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت کی طرف سے سانحہ ماڈل ٹاؤن کی درج ہونیوالی پہلی FIR نمبر 510 کو پنجاب حکومت کی اپنی بنائی پہلی جے آئی ٹی نے مسترد کر دیا تھا جو ریکارڈ پر ہے مذکورہ حکومتی جے آئی ٹی نے تجویز کیا تھا کہ پولیس کی طرف سے سانحہ ماڈل ٹاؤن کی درج کی جانیوالی ایف آئی آر ناقص ہے، جے آئی ٹی نے اپنی رپورٹ میں لکھا کہ جے آئی ٹی کے سامنے سانحہ میں استعمال ہونے والا اسلحہ اور دیگر اہم شواہد پیش نہیں کئے گئے، حکومت نے مذکورہ ایف آئی آر پر چالان پیش کرتے وقت اختلافی نوٹ رپورٹ کی کاپی سے نکال لیا۔ چالان سے نکالا گیا اختلافی نوٹ ہمارے وکلاء نے عدالت میں پیش کیا ہے۔ حکمرانوں نے قدم قدم پر سانحہ ماڈل ٹاؤن کے حقائق کو مسخ کرنے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہاکہ انسداد دہشت گردی کی عدالت میں قاتلوں کے متعلق اتنے ثبوت دے دئیے ہیں کہ ایک نہیں انہیں کئی بار پھانسی کی سزا دی جا سکتی ہے۔