• news

.حکمران پانامہ لیکس میں پھنس گئے‘ کرپٹ مافیا کا تعاقب جاری رکھیں گے: سراج الحق

لاہور (خصوصی نامہ نگار) جماعت اسلامی کے امیر سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ ہماری لڑائی کسی فرد نہیں کرپشن کے خلاف ہے۔ کرپٹ مافیا کاتعاقب جاری رکھیں گے اور قوم کو ایسا نظام دیں گے جس سے اس بیماری کا ہمیشہ کیلئے خاتمہ ہو جائے۔ دیر بالا میں کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ کرپشن کے خلاف ہماری جدوجہدکو ذاتی رنگ دیکر محدودکرنے کی کوشش کررہے ہیں اور عوام کو یہ تاثر دینا چاہتے ہیں کہ ہماری لڑائی محض حکومتی زعماء کے ساتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب کا احتساب چاہتے ہیں مگر ہماری یہ بھی کوشش ہے کہ پہلے ان لوگوں کو کٹہرے میں کھڑا کیا جائے جنہوں نے حکومتی اختیارات کو عوام کی فلاح کے بجائے ذاتی مفادات کے حصول کیلئے استعمال کیا۔ ہم چاہتے کہ پہلے وزیر اعظم اور ان کے خاندان کا احتساب ہوتاکہ کسی دوسرے کو یہ کہنے کا موقع نہ ملے کہ حکمرانوں کو کوئی پوچھنے والا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی خزانے کو لوٹنے والا کوئی اقتدار میں ہو یا اقتدار سے باہر اسے ایک ایک پائی کا حساب دینا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ جن لوگوں کا خیال ہے کہ پانامہ کیس سے کچھ حاصل نہیں ہوگا وہ کچھ دن انتظار کریں ،مجھے یقین ہے کہ عدالت قوم کو مایوس نہیں کرے گی اور لٹیروں کا محاسبہ ضرور ہوگا۔ پانامہ لیکس میں حکمران پھنس گئے ۔ عوام کے پاس موقع ہے کہ اپنے مستقبل، کرپشن فری اور گرین پاکستان کے لئے ہمارا ساتھ دیں۔ کرپشن کسی ایک جماعت کا نہیں، قومی مسئلہ ہے۔ سپریم کورٹ میں مقدمہ کرنا کسی کو ذلیل کرنا نہیں ۔ ہم ایسا پاکستان چاہتے ہیں جس میں قرآن کی بالادستی ہو اور بیرون ملک گرین پاسپورٹ کی عزت ہو۔

ای پیپر-دی نیشن