• news

ای او بی آئی سکینڈل کے مرکزی ملزم ظفر گوندل کی ضمانت منظور

لاہور(وقائع نگار خصوصی) لاہورہائیکورٹ نے ای او بی آئی سکینڈل کے مرکزی ملزم سابق چیئرمین ای او بی آئی ظفر گوندل کی ضمانت منظور کر لی۔ فاضل عدالت نے ملزم کو 10, 10لاکھ روپے کے دو مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔ گزشتہ روز فاضل عدالت نے سابق چیئرمین ای او بی آئی ظفر اقبال گوندل کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔ ملزم کے وکیل نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ ملزم پر اراضی کی خریداری میں ذاتی فائدہ حاصل کرنے کا کوئی ثبوت نہیں۔ قانون اور ضوابط کے مطابق اراضی خریدی گئی۔ فاضل عدالت اس سے قبل ملزم کے خلاف درج دو مقدمات میں ضمانت منظور کرچکی ہے لہذا ضمانت منظور کی جائے۔ ایف آئی اے کی جانب سے سرکاری وکیل نے بتایا کہ ملزم نے پیپرا رولز کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سستی اراضی مہنگے داموں خریدی۔ جس سے سرکاری خزانے کو بھاری نقصان برداشت کرنا پڑا۔ ایف آئی اے کی تحقیقات میں یہ بات ثابت ہوئی ہے۔ فاضل عدالت کے استفسار پر سرکاری وکیل نے بتایا کہ تحقیقات کے دوران ملزم کی جانب سے ذاتی فائدہ لینے کی بات ثابت نہیں ہوئی۔ جس پر فاضل عدالت نے ریمارکس دئیے کہ اگر ملزم براہ راست کرپشن میں ملوث نہیں تو انہیں گرفتار کیوں کیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن