• news

دوسری شادی کرنیوالی ٹیچر، ناجائز تعلقات کے شبہ میں حاملہ عورت قتل

ملتان‘ مخدوم رشید+ شجاع آباد (خبرنگارخصوصی‘نامہ نگار) مخدوم رشید کے علاقہ میں اہل علاقہ نے 50 سالہ خاتون ٹیچر کو قتل کر کے جلانے کی کوشش ناکام بنا دی۔ پولیس ذرائع کے مطابق سادات کالونی کے رہائشی محمد اقبال نے 50 سالہ خاتون ٹیچر پروین اختر سے دوسری شادی کی ہوئی تھی اور اس مقتول ٹیچر میں سے کوئی اولاد نہیں تھی گزشتہ شب نامعلوم افراد نے ٹیچر کے منہ پر کپڑا باندھ کر قتل کر دیا اور کمرے کو لگاکر دروازے کو بھی تالا لگا کر چلے گئے۔ کمرے میں سے دھواں نکلتا دیکھ کر اہل علاقہ اکٹھے ہوگئے اور آگ پر قابو پا لیا اور خاتون کی لاش جلنے سے بچ گئی۔ واقعہ کی اطلاع پر ایس پی صدر عبداﷲ میمن پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے خاتون کی نعش قبضہ میں لیکر پوسٹمارٹم کیلئے نشتر ہسپتال منتقل کردی ہے۔ مقتولہ سرکاری سکول کی ٹیچر تھی۔ ذرائع کے مطابق مقتولہ کے سوتیلے بیٹوں پر قتل کا شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ پولیس نے کئی ملزمان کو بھی حراست میں لے لیا ہے۔ دریں اثناء تعلقات کے شبے پر شوہر نے اپنی حاملہ بیوی کو کلہاڑی کے وار کرکے قتل کردیا ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔ شجاع آباد کے نواحی علاقہ توڈر پور کے رہائشی محمد اسلم کو شبہ تھاکہ اسکی بیوی کے صفدر نامی شخص سے ناجائز تعلقات ہیں جس پر محمد اسلم نے اپنی حاملہ بیوی کو کلہاڑی کے وار کرکے قتل کردیا۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر نعش قبضے میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ٹی ایچ کیو ہسپتال منتقل کردیا اور ملزم محمداسلم کو گرفتارکرلیا ۔ 7 سالہ بیٹے مجیب الرحمن نے صحافیوں کو بتایا کہ میرے والد محمداسلم نے ہمیں گھر سے باہر کھیلنے کے لیے بھیج دیا جب میں واپس آیا تو میں دیکھا کہ میری ماں کے سر میں کلہاڑی پھنسی ہوئی ہے اور میرے باپ کے کپڑے خون سے بھرے ہوئے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن