وفاقی حکومت کا 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر سرکاری سطح پر منانے کا اعلان
اسلام آباد+ راولا کوٹ (اے این این+ آئی این پی) وفاقی حکومت نے 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر سرکاری سطح پر منانے کا اعلان کیا ہے، کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے ملک بھر میں صبح 10 بجے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائیگی۔ وفاقی وزارت داخلہ کی جانب سے جاریکردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ہر سال کی طرح اس سال بھی ملک بھر میں 5 فروری کو بھرپور طریقے سے یوم یکجہتی کشمیر منایا جائیگا۔ آزادکشمیر میں کشمیریوں سے اظہاریکجہتی کیلئے انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی جائیگی۔ اسکے علاوہ تمام چھوٹے بڑے شہروں میں ریلیوں، مذاکروں اور کانفرنسز کا اہتمام کیا جائیگا جس میں مسئلہ کشمیر کی اہمیت اور کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی غرض و غایت اور بھارتی قابض فوج کے نہتے عوام پر ظلم و ستم پر روشنی ڈالی جائیگی۔ علاوہ ازیں وزیراعظم میاں نوازشریف 5 فروری کو آزادکشمیر کا دورہ کریں گے اور دارالحکومت میں یوم یکجہتی کشمیر کی تقریب سے خطاب کریں گے۔ بعدازاں مہاجرین کے کیمپ کا دورہ کریں گے۔ اس موقع پر آزادکشمیر میں عام تعطیل ہوگی۔کشمیریوں کے ساتھ پانچ فروری کو یوم یکجہتی جوش و خروش سے منانے کے سفاشات کی منظوری کے لئے خصوصی پارلیمانی کشمیر کمیٹی کا اجلاس آج(بدھ کو) طلب کرلیا گیا ، کشمیر پر پاکستان کے 22سے زائد خصوصی ایلچیوں کے غیرملکی دوروں پر کارکردگی رپورٹ بھی مانگ لی گئی ۔ کشمیر کمیٹی کااجلاس چیئرمین کمیٹی مولانا فضل الرحمن کی صدارت میں پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوگا ۔مقبوضہ کشمیر کی تازہ صورتحال پر بریفنگ دی جائیگی۔