کراچی کے مسائل بہت زیادہ ہیں،میئر اختیارات چھوڑیں ملکر کام کرنا ہوگا: وزیراعلی سندھ
کراچی (سٹاف رپورٹر) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے میئر کراچی کو اپنے اختیارات استعمال کرنے کی اجازت دیدی اور کہا کہ میئر کراچی آئیں اور میرے ساتھ مل کر کام کریں۔ وہ گولیمار انڈر پاس کا افتتاح کرنے کے بعد خطاب اور بات چیت کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ میئر کراچی کو قانون کے مطابق اختیارات حاصل ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کیا میں وزیراعظم کے اختیارات مانگ سکتا ہوں اسلئے وسیم اختر اپنے اختیارات میں رہ کر کام کریں واویلا نہ کریں۔ اس سے قبل وزیراعلیٰ سندھ نے میئرکراچی کے ہمراہ کراچی میںگولیمار انڈر پاس کا افتتاح کردیا۔ صادقین انڈر پاس گولیمار چورنگی پر بنایاگیا ہے جو 375 میٹر لمبا اور 8 میٹر چوڑا ہے اور اسکی تعمیر پر450 ملین روپے کی لاگت آئی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں کئی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے، یہ ملک کو چلانے والا شہر ہے، یہاں جتنے پیسے خرچ کیے جائیں کم ہیں۔ شہر کے مسائل بہت زیادہ ہیں، اختیارات کو چھوڑیں ساتھ ملکر کام کرنا ہوگا، ہم مسائل کے حل کی طرف جارہے ہیں۔میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ انڈر پاس کو گولیمار کے بجائے صادقین کے نام سے منسوب کیا گیا ہے، اب وقت آگیا ہے کہ گولی مارنے اور چائنا کٹنگ سے جان چھڑائی جائے۔ میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ کراچی کو اے ٹی ایم مشین سمجھ لیا گیا، ہم کراچی کے مسائل حل کرنا چاہتے ہیں لیکن ہمارے پاس اختیارات اور وسائل نہیں وہ کراچی پریس کلب میں خطاب کررہے تھے۔ وسیم اختر نے کہا کہ مشرف دورمیں ہمارے زخموں پر مرہم رکھا گیا۔ وزیر اعلیٰ شہبازشریف لاہور میں کام کررہے ہیں، وہ غیرملکی سرمایہ کاری بھی لارہے ہیں، کراچی میں کوئی سرمایہ کاری نہیں آرہی۔