کراچی: گھر میں لوٹ مار کرنیوالے 3 ڈاکو مقابلے میں ہلاک
کراچی (آن لائن+ آئی این پی) فیروز آباد میں مبینہ پولیس مقابلے میں 3ڈاکو مارے گئے، ساتھی فرار ہوگئے۔ پولیس کے مطابق مددگار ون فائیو پر اطلاع ملی تھی فیروز آباد کے علاقے میں 6سے 7ڈاکو ایک گھر میں ڈکیتی کی نیت سے داخل ہوئے ہیں اور اہلخانہ کو یرغمال بناکر لوٹ مار کررہے ہیں۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر گھر کا محاصرہ کرلیا، محاصرے کے دوران ڈاکوئوں نے پولیس گھیرا توڑنے کے لئے فائرنگ شروع کردی، جوابی فائرنگ کے نتیجے میں 3ڈاکو موقع پر مارے گئے، جبکہ 3سے 4فرار ہوگئے۔ ملزمان کار میں سوار ہو کر آئے تھے، پولیس نے فرار ہونے والے ڈاکوئوں کی تلاش شروع کردی ۔ پولیس حکام کے مطابق گزشتہ دونوں فیروز آباد، ٹیپو سلطان اور بہادرآباد میں گھروں میں ہونے والی ڈکیتیوں میں یہی گروہ ملوث ہیں۔ اس بارے میں مزید تحقیقات کی جار رہی ہے۔ ترجمان رینجرز کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق کورنگی نمبر چار سے تین افراد کو گرفتار کیا گیا۔ جن میں محمد عطا الرحمان، ذیشان گل عرف کیپٹن کامران عرف ڈی ایس آر ریاض اور عمیر عرف کرنل شامل ہیں۔ ملزمان رینجرز اور حساس اداروں کے افسر بن کر علاقے میں خوف وہراس پھیلاتے اور سادہ لوح عوام سے بھتہ وصول کرتے تھے۔ ملزمان سے اسلحہ اور رینجرز کے جعلی یونیفارم برآمد کیے گئے ۔ قانونی چارہ جوئی کے لیے ملزمان کو پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔