دھند، لوڈشیڈنگ جاری، گیس بندش کیخلاف شیخوپورہ میں مظاہرہ
لاہور/ شیخوپورہ (آن لائن+ نامہ نگار خصوصی) لوڈشیڈنگ کا سلسلہ گزشتہ روز بھی جاری رہا جس کے باعث لوگوں کو مشکلات کا سامنا رہا۔ شیخوپورہ میں گیس بندش کیخلاف مظاہرہ کیا گیا اور گیس آفس شیخوپورہ کا گھیرائو کیا گیا جبکہ لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں دھند نے سب کچھ دھندلا دیا، نیشنل ہائی وے اور موٹر وے پر اکثر مقامات پر حد نگاہ صفر ہونے کی وجہ سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی جبکہ پروازوں کا شیڈول بھی متاثر ہوا۔ نیشنل ہائی وے اور موٹر وے پر شیخوپورہ، پنڈی بھٹیاں، فیصل آباد، پتوکی، ساہیوال ، خانیوال، ملتان اور بہاولپور کے علاقوں میں حد نگاہ صفر رہی۔ موٹر وے پولیس کی جانب سے ڈرائیورز کو خصوصی ہدایات جاری کی گئیں۔ پشاور سے رشکی انٹرچینج تک موٹر وے بند رہی۔ شیخوپورہ سے نامہ نگار خصوصی کے مطابق محلہ غریب آباد کی سمیت لوگوں کی بڑی تعداد نے سوئی گیس کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کیخلاف سوئی گیس آفس شیخوپورہ کا گھیرائو کرلیا اور شیخوپورہ سرگودھا روڈ کو بلاک کر دی۔ مظاہرین نے محکمہ سوئی گیس اور حکومت کیخلاف شدید نعرے بازی کی اور کہا کہ محلہ غریب آباد میں 24 گھنٹوں میں صرف ایک گھنٹہ گیس آتی ہے۔ اکثر خواتین نے گھریلو برتن جن میں ہانڈی، ڈوئی اور چمٹے تھے اٹھا رکھے تھے محکمہ سوئی گیس شیخوپورہ کے آفس کے افسران نے ان لوگوں کی بات سننے کی بجائے دفتر کا مین دروازہ بند کر دیا اور پولیس طلب کر لی۔