پاکستان میں جمہوریت اور نواز شریف لازم و ملزوم ہیں: فاروق حیدر
لندن (آئی این پی)وزیراعظم آزادکشمیرو صدر مسلم لیگ (ن) راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں اچھل کود کی سیاست ملکی اتحاد،ترقی اور یکجہتی کے لیے خطرہ ہے ،کچھ لوگ ذاتی مفادات کی خاطر ملکی مفادات کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا رہے ہیں ،پاکستان میں جمہوریت اور نواز شریف لازم و ملزوم ہیں، ترقی اور خوشحالی کی راہ میں رکاوٹ بننے والوں کیخلاف سب سے پہلے کشمیری سینہ سپر ہونگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ (ن) برطانیہ کی تمام برانچوں کے عہدیداران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ راجہ فاروق حیدر خان نے کہا کہ میں نے یہ فیصلہ کیا تھاکہ پاکستان کی سیاست میں دخل اندازی نہ کروں کیونکہ بحیثیت ملک پاکستان ہم سب کے لیے یکساں اہمیت رکھتا ہے لیکن گزشتہ کچھ عرصہ سے جو کھیل وہاں کھیلا جارہا ہے اس سے مظفرآبا د سے لیکر سرینگر تک کشمیریوں میں پریشانی اور تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے ان لوگوں کو اتنی توفیق نہیں ہوئی کہ وہ مقبوضہ کشمیر کے اندر بھارتی مظالم کے خلاف دو لفظ تک کہ سکیں یہ ایسے وقت میں بھی جب برہان وانی کی شہادت کے بعد تحریک انتہائی نازک موڑ پر تھی صرف اور صرف اپنے مفادات اور اقتدار حاصل کرنے کی کوششوں میں لگے رہے اس بات کی طرف کوئی دھیان نہیں دیا کہ ملک کمزور ہو رہا ہے۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ آزادکشمیرکے لوگ باشعور اور ذمہ دار ہیں وہ سمجھتے ہیں کہ کون کیا کررہا ہے کسی کے خلاف ذاتی دشمنی یا پرخاش نہیں لیکن کوئی دوستی کی وجہ سے ناجائز فائدہ نہیں اٹھا سکتاہے نہ کسی دوسری جماعت کے کارکن کے ساتھ ناانصافی ہو گی۔