• news

بے نامی جائیداد رکھنے کی ممانعت کا بل منظور‘ سات سال تک قید‘ جرمانہ ہو گا‘ ٹرمپ کے اقدامات کیخلاف قرارداد کی اجازت نہ ملنے پر تحریک انصاف کا قومی اسمبلی میں احتجاج

اسلام آباد (خصوصی نمائندہ+ نیوز ایجنسیاں) قومی اسمبلی میں متعدد بلوںکی منظوری کے ساتھ ساتھ تین سے زائد کمیٹیوںکی رپورٹس پیش کردی گئیں۔ اسکے علاوہ کینیڈ ا میں اسلامک سنٹر اور مسجد پر حملہ کے خلاف قرارداد منظور کرلی جبکہ ٹرمپ کے مسلمانوں کیخلاف اقدامات کرنے پر پی ٹی آئی کی قرارداد پیش کرنے سے روکنے پر پی ٹی آئی نے شدید احتجاج کیا دوسری جانب کے الیکٹرک کیخلاف ایم کیو ایم نے ایوان علامتی واک آﺅٹ کر گئی۔ جمشید دستی نے کورم کی نشاندہی کی تو کورم مکمل تھا جس کے بعد اجلاس جاری رہا۔ کینیڈا میں اسلامک سینٹر پر دہشت گردی کے حملے کی مذمت اور سانحہ میں 6 افراد کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے، ایوان میں زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا بھی کی گئی۔ وزیر قانون نے کہا یہ ایوان 29 جنوری کو کینیڈا کے اسلامک سنٹر پر دہشت گردی کے حملے کی مذمت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایوان کینیڈا کی حکومت اور عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتا ہے۔ قرارداد میں کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کی جانب سے دہشت گردی کے حملے کی مذمت اور تمام مذاہب کے تحفظ کے عزم پر ان کا شکریہ ادا کرتا ہے۔ قومی اسمبلی نے لیگل پریکٹیشنرز اینڈ بار کونسلز (ترمیمی) بل 2016ءکی منظوری دے دی گئی۔ قومی اسمبلی نے کمپنیوں میں (قانونی مشیران کی تقرری) بل 2016ءکی بھی منظوری دی گئی۔ اس کے علاوہ انفجاری اشیاء(ترمیمی) بل 2016ءکی منظوری دی گئی۔ قومی اسمبلی نے شراکت محدود ذمہ داری بل 2016ءکی بھی منظوری دے دی۔ اس کے ساتھ ساتھ اپوزیشن کی مخالفت کے باوجود قومی اسمبلی نے قومی کمشن برائے حقوق بچگان بل 2016ءکی منظوری دے دی۔ نواب یوسف تالپور نے کہا کہ اس بل کے ساتھ ہمارا اختلافی نوٹ لگا ہوا ہے۔ بچوں کی کم سے کم عمر 16 سال سے کم کر کے 14 سال نہ کی جائے۔ ڈاکٹر شیریں مزاری، حاجی غلام احمد بلور، شیخ صلاح الدین، ڈاکٹر عارف علوی، جمشید احمد دستی، عبدالوسیم، شازیہ مری اور ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے بل کی مخالفت کی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ قانون سازی اتفاق رائے سے ہونی چاہئے۔ وفاقی وزیر قانون زاہد حامد نے کہا کہ بل کے حوالے سے کمیٹی کی رپورٹ کے ساتھ جو اختلافی نوٹ لگا ہوا ہے، یہ اس بل کے حوالے سے نہیں ہے۔ شازیہ مری نے کہا وزیرقانون کی دلیل سے ہم اتفاق نہیں کرتے، اپوزیشن کی رائے کا احترام کیا جائے۔ ڈاکٹر شیریں مزاری نے کہا کہ اپوزیشن کے تحفظات دور ہونے چاہئیں۔ قومی اسمبلی میں متبادل تنازعہ جاتی تصفیہ بل 2016ءپر کمیٹی کی رپورٹ پیش کر دی گئی۔ لاگتی و انتظامی حساب داران بل 2016ءاور لاگت مقدمہ بازی بل 2016ءپر کمیٹیوں کی رپورٹس قومی اسمبلی میں پیش کر دی گئی۔ متحدہ قومی موومنٹ کے ارکان نے کے الیکٹرک کی جانب سے زائد بلنگ کے خلاف ایوان سے واک آﺅٹ کیا۔ پی ٹی آئی کے عارف علوی کی جانب سے ٹرمپ کی جانب سے مسلمانوں کے خلاف کئے جانے والے اقدامات پر حکومت پر شدید تنقیدکی اور کہا کہ لاکھوں پاکستانی وہاں مقیم ہیں ہمیں چاہئے کہ امریکی سفیر کو طلب کرکے احتجاج کیا جائے۔ عارف علوی اور شیری مزاری کی جانب سے امریکہ کے خلاف مذمتی قرارداد پیش کرنے کی کوشش کی گئی تو ڈپٹی سپیکر نے انہیں روک دیا اور کہا کہ رولز پر عمل کیا جائے پہلے سیکرٹریٹ میں نوٹس جمع کرایا جائے اس کے بعد قرار داد پیش کی جائے گی۔ قومی اسمبلی کا اجلاس (آج) جمعرات کو صبح ساڑھے 10 بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔ علاوہ ازیں قومی اسمبلی میں پی ٹی وی کی خواتین اینکرز کو ہراساں کرنے اور انکوائری یکطرفہ کرنے پر پی ٹی آئی اور پیپلز پارٹی نے شدید احتجاج کیا اور وزیر مملکت کے جواب کو غیر تسلی بخش قرار دیدیا ۔ اس موقع پر وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ سرکاری ٹی وی میں خواتین اینکرز کو جنسی طور پر ہراساں کرنے کے واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔اس حوالے سے پی ٹی وی میں ایک جامع منصوبہ بنا کر اس پر عملدرآمد شروع کر دیا ہے۔حکومت کام کرنے کی جگہ پر خواتین کو مکمل تحفظ فراہم کرنے کے لیے ہرممکن اقدامات کررہی ہے۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی خصوصی ہدایت پر قرارداد اسد عمر، شیریں مزاری، ڈاکٹر عارف علوی اور دیگر کی جانب سے جمع کروائی گئی، جسے دیگر اپوزیشن جماعتوں کی بھی حمایت حاصل تھی۔قرارداد میں ٹرمپ انتظامیہ کے فیصلے کو متعصب اور انسانی حقوق کی صریحا خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا گیا کہ حکومت اس معاملے کو امریکا اور عالمی سطح پر اٹھائے۔ قومی اسمبلی میں 5 بلوں کی منظوری دی گئی ان میں بے نامی ٹرانزیکشن کی روک تھام کا بل بھی شامل ہے۔ دریں اثنا منی لانڈرنگ کے حوالے سے خبر دینے والے شخص کے تحفظ کا بل قومی اسمبلی میںپیش کر دیا گیا۔ بل وفاقی وزیرقانون زاہد حامد نے پیش کیا۔ بل میں کہا گیا ہے کہ منی لانڈرنگ، فراڈ، غبن، کمشن، کرپشن کی تفتیش کرنا مشکل ہو گیا ہے۔ علاوہ ازیں پارلیمانی سیکرٹری دفاع نے ایوان نے کہا ہے کہ پاکستان اس وقت ایران سے 74 میگاواٹ بجلی درآمد کررہا ہے،ملک بھر میں متعدد ڈیم زیر تعمیر ہیں جو اگلے سال میں مکمل ہوجائیں گے۔ چودھری جعفر اقبال نے وقفہ سوالات کے دوران کہا کہ زیر تعمیر ڈیموں میں بلوچستان میں بارش کا پانی جمع کرنے کے سو ڈیم، خیبر پی کے میں بیس چھوٹے ڈیم، سندھ میں بارش کا پانی ذخیرہ کرنے اور پانی جمع کرنے کے چھوٹے ڈیم شامل ہیں۔آئی این پی کے مطابق بے نامی جائیداد رکھنے سمیت 7 بل منظور کئے گئے۔ قومی کمشن برائے حقوق بچگان کے بل سے لاعلم نکلیں، بل کے تحت بچوں کی عمر کا تعین نہ ہونے کے باوجود اس معاملے پر ایوان میں اپوزیشن ارکان شور کرتے رہے۔ قومی اسمبلی نے غیرقانونی بے دخلی بل2016ءکثرت رائے سے منظور کرلیا گیا جبکہ بے نظیرانکم سپورٹ پروگرام کی 2014ءتا 2016ءکی رپورٹ سمیت قومی اقتصادی کونسل کی سالانہ رپورٹ برائے مالی سال2014-15ءایوان میں پیش کردی گئی۔دی نیشن کے مطابق قومی اسمبلی نے بے نامی جائیداد رکھنے کی ممانعت کا بل منظور کیا جس کے تحت ملک میں اور بیرون ملک بے نامی جائیداد رکھنے پر سخت سزا دی جائیگی۔ بے نامی جائیداد رکھنے والے شخص کو ایک سے 7 سال تک قید کی سزا دی جا سکے گی اور بھاری جرمانہ بھی عائد کیا جائے گا جو جائیداد کی مارکیٹ ویلیو کا 25 فیصد تک ہوسکتا ہے۔ بل سینٹ سے پہلے پاس ہوچکا ہے جس کا مقصد بلیک منی کو چھپانے سے روکنا ہے۔

قومی اسمبلی

ای پیپر-دی نیشن