پاک فوج قوم کی توقعات پر پورا اترنے‘ چیلنجز سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہے : آرمی چیف
سیالکوٹ(نامہ نگار) چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سیالکوٹ کینٹ میں 16بلوچ رجمنٹ کا دورہ کیا۔ جنرل قمر جاوید باجوہ کمیشن حاصل کرنے کے بعد بطور سیکنڈ لیفٹیننٹ 16بلوچ رجمنٹ میں شامل ہوئے تھے۔ جنرل قمر جاوید باجوہ اور انکے والد دونوں نے اس رجمنٹ کی کمانڈ کی تھی۔ انہوں نے سارا دن سیالکوٹ میں گزارا اور یونٹ کے حاضر سروس افسروں اور ریٹائر ہونے والے فوجیوں سے ملاقات کی۔ یونٹ کے حاضر سروس اور ریٹائرڈ فوجیوں نے کہا کہ ہم فخر محسوس کرتے ہیں کہ ان کی یونٹ کا آفیسر چیف آف آرمی سٹاف کے عہدہ پر فائز ہے۔ آرمی چیف نے کہا کہ ہمارے بہادر فوجی جوانوں نے جس طرح جنگوں میں حصہ لیا اور اپنی پاک سرزمین کیلئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے وہ قابل قدر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج قوم کی توقعات پر پورا اترنے کیلئے تمام چیلنجز سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ قبل ازیں چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کی سیالکوٹ آمد پر کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل اکرام الحق نے ان کا استقبال کیا۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق آئی ایس پی آر کے مطابق یونٹ میں آرمی چیف اور ان کے والد سیکنڈ لیفٹیننٹ کے طور پر کمشنڈ ہوئے۔ آرمی چیف نے کہا کہ فوج کا یونٹ افسروں اور جوانوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے کا باعث بنتا ہے۔ پاک فوج ہمیشہ آزمائشوں اور قوم کی توقعات پر پورا اتری ہے۔ پاک فوج کو جنگی ہیروز سے قربانیوں کا جذبہ ورثے میں ملا ہے۔