لاہور، لاکھوں کے ڈاکے: گوجرانوالہ، مزاحمت پر باپ قتل، بیٹا زخمی
لاہور (نامہ نگار) لاہور کے مختلف علاقوں میں وارداتوں کے دوران متعدد شہریوں سے لاکھوں روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون، گاڑیاں ، موٹر سائیکلیں اور دیگر سامان لوٹ لیا گیا جبکہ گوجرانوالہ میں مزاحمت پر ڈاکوئوں نے ایک شخص کو قتل اور اس کے بیٹے کو زخمی کر دیا، تفصیلات کے مطابق ڈاکوؤں نے نو لکھا کے علاقہ میں وقاص کے گھر گھس کر اہلخانہ کو یرغمال بنا کر 8 لاکھ، ستو کتلہ کے علا قہ میں اجمل کے گھر سے6لاکھ ، مناواں کے علاقہ میں رضا کے گھر سے 5لاکھ، نواب ٹائون میں اشفاق کے گھر سے3لاکھ کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون اور دیگر سامان، گلشن راوی میں شاہد اور اس کی فیملی سے 4لاکھ ،مسلم ٹائون میںخالد اور اس کی فیملی سے3لاکھ، فیکٹری ایریا میں مشتاق اور اس کی فیملی سے ایک لاکھ کی نقدی، طلائی زیورات اور موبائل فون ،ماڈل ٹائون میں عمر سے 76 ہزار اور موبائل فون، نواب ٹائون میں ممتاز سے 54ہزار اور موبائل فون،سول لائن میں یاسر سے 49 ہزار اور موبائل فون سندرمیںقا سم سے45ہزار اور موبائل فون لوٹ لیا ۔چوروں نے مسلم ٹائون سے راحت ،کیولری گراؤنڈ سے مقصود کی کاریں جبکہ غازی آباد سے طارق ہربنس پورہ سے صادق، مصطفی ٹائون سے شکیل، ٹائون شپ سے فیاض، غازی آ باد سے میں باقر، شیرا کوٹ سے شریف، ماڈل ٹائون سے فرحان کی موٹر سائیکلیں چوری کر لیں۔علاوہ ازیں گوجرانوالہ میں تھانہ پیپلز کالونی کے علاقہ میں جنرل سٹور میں دن دیہاڑے ڈاکو داخل ہوگئے اور وہاں پر موجود خالد اور اسکے بیٹے محسن کو اسلحہ کی نوک پر یرغمال بنا کر ان سے ہزار روپے نقدی چھین لی اور مزاحمت پر فائرنگ کر دی جسکے نتیجے میں دونوں باپ بیٹا شدید زخمی ہو گئے ڈاکو موقع سے فرار ہو گئے ریسکیو اہلکاروں نے زخمیوں کو تشویشناک حالت میں ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کیا جہاں پر پچاس سالہ خالد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جان کی بازی ہار گیا۔