تحریک انصاف اور پیپلز پارٹی کا ’’صادق اور امین‘‘ کی شرط ختم کرنے سے انکار
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) پارلیمانی کمیٹی برائے انتخابی اصلاحات کی ذیلی کمیٹی کے اجلاس میں آئین کے آرٹیکل 63,62 میں ترمیم پر اتفاق رائے نہ ہو سکا تاہم نگران کابینہ کی تعداد 10 وزراء تک محدود رکھنے پر اتفاق رائے ہو گیا، امیدواروں کے دو سے زائد نشستوں پر الیکشن لڑنے پر پابندی سمیت آئین کی دفعہ 63,62 کو اصل حالت میں بحال کرنے کے معاملے پرحکومت اور اپوزیشن کے درمیان اختلاف رائے قائم ہیں، اب اس معاملے پر مرکزی کمیٹی میں اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوشش کی جائے گی، پی ٹی آئی اور پیپلز پارٹی نے ارکان پارلیمنٹ کی اہلیت کے لئے صادق اور امین کی شرط ختم کرنے سے انکار کر دیا۔ ذیلی کمیٹی کا اجلاس زاہد حامد کی زیر صدارت ہوا۔ زاہد حامد نے اجلاس کے بعد میڈیا کو آگاہ کیا کہ اجلاس میں مجوزہ آئینی ترامیم پراتفاق رائے نہیں ہو سکا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف نے آرٹیکل 63,62 اصل حالت میں بحال کرنے کی تجویز دی تھی لیکن اب دونوں جماعتوں نے اپنا موقف بدل لیا ہے۔