کراچی: وزیراعلیٰ سندھ چڑیا گھر گئے، ہاتھی کو کیلا کھلایا، شیر اور چیتے کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں
کراچی (نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ چڑیا گھر جا کر بچے بن گئے۔ ہاتھی کو کیلا کھلایا، شیر اور چیتے کی تصویریں بنائیں۔ میئر کراچی نے بلاخوف اژدھا تھاما جبکہ وزیراعلیٰ نے صرف چھونے پر اکتفا کیا۔ وزیراعلیٰ نے کراچی چڑیا گھر کو بہترین چڑیا گھر بنانے کا وعدہ کیا۔ آن لائن کے مطابق وزیراعلی سندھ نے کراچی کے چڑیا گھر کو فطری حسن کے ساتھ بحال کرنے کا اعلان کیا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ بدھ کی صبح چڑیا گھر پہنچے، وزیر بلدیات جام خان شورو، مئیر کراچی وسیم اختر کے ہمراہ توسیعی منصوبے کا جائزہ لیا۔ مراد علی شاہ نے چڑیا گھر کی سیرکی تو انہیں اپنا بچپن یاد آگیا۔ بعدازاں میڈیا سے گفتگو میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ چڑیا گھر سمیت دیگر تفریخی مقامات کیلئے حکومت نے کثیر رقم مختص کر رکھی ہے، جلد چڑیا گھر میں نایاب نسل کے جانوراور پرندے منگوائے جائیں گے۔ انہوں نے چڑیا گھر کے اطراف میں تجاوزات کا نوٹس بھی لیا۔