افغانستان میں شوہر نے بیوی کے دونوں کان کاٹ دئیے
کابل (نیٹ نیوز) افغانستان میں شوہر نے بیوی کے دونوں کان کاٹ دئیے۔ شمالی صوبے بلخ میں گھریلو تشدد کا نشانہ بننے والی ایک 23 سالہ خاتون نے غیر ملکی میڈیا کو بتایا ہے کہ اسکے شوہر نے اسے باندھ کر دونوں کان کاٹ دئیے۔ زرینہ نامی خاتون کی حالت اب خطرے سے باہر ہے لیکن وہ ہسپتال میں شدید صدمے کی حالت میں زیر علاج ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’میں نے کوئی گناہ نہیں کیا، مجھے نہیں معلوم کہ میرے شوہر نے میرے ساتھ ایسا کیوں کیا۔‘ پولیس نے اس حوالے سے مقامی ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ اس خاتون کا شوہر اس حملے کے بعد سے کشندہ ضلعے میں مفرور ہے۔ زرینہ نے میڈیا کو بتایا کہ ان کے شوہر نے انھیں جگایا اور پھر بلااشتعال ان پر حملہ کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ ’ان کی شادی 13 سال کی عمر میں کر دی گئی تھی اور ان کے اپنے شوہر کے ساتھ تعلقات اچھے نہیں تھے۔‘ اپنے انٹرویو میں زرینہ نے کہا کہ ان کے شوہر نے انہیں ان کے والدین سے ملنے سے روک رکھا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ اب اپنے شوہر کے ساتھ نہیں رہنا چاہتیں۔ ’وہ بہت شک کرنے والا شخص ہے اور جب بھی میں اپنے والدین سے ملنے جاتی تھی تو وہ اکثر مجھ پر غیر مردوں کے ساتھ باتیں کرنے کے الزامات لگاتا تھا۔‘ زرینہ نے اپنے شوہر کی فوری گرفتاری اور مقدمے کا مطالبہ کیا ہے۔