اقتصادی ترقی میں تیزی سے پیشرفت ہورہی ہے: سرتاج عزیز
اسلام آباد (اے پی پی) مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کیلئے بھاری بجٹ موجودہ حکومت کی ملک میں سماجی تحفظ کے عزم کی عکاس ہے۔غربت دنیا بھر کیلئے چیلنج ہے۔ملکی اقتصادی ترقی میں تیزی سے پیشرفت ہو رہی ہے،غربت کے خاتمے کیلئے ہماری پالیسیاں موثر ثابت ہونگی۔موجودہ حکومت نے گزشتہ تین سال کے دوران غربت کے خاتمہ کیلئے فنڈ سمیت مختلف پروگرام شروع کر رکھے ہیں۔یہ باتیں انہوں نے بدھ کو یہاں بی آئی ایس پی کے زیر اہتمام قومی سماجی۔اقتصادی رجسٹری(این ایس ای آر) سے متعلق بین الاقوامی کانفرنس کے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔سرتاج عزیز نے کہا کہ غربت دنیا بھر کیلئے سب سے بڑا چیلنج ہے۔ہمیں غربت کی وجوہات کو ختم کرنیکی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی اقتصادی ترقی میں مثبت پیشرفت جاری اور ہماری پالیساں ملک سے غربت میں کمی کیلئے موثر ثابت ہونگی۔انہوں نے کہ موجودہ حکومت نے گزشتہ تین سال کے دوران غر بت پر قابو پانے کیلئے پاورٹی ایلیویشن فنڈ سمیت مختلف پروگرام شروع کر رکھے ہیں۔اسکے علاوہ پاکستان بیت المال بھی فلاحی سرگرمیوں میں پیش پیش ہے۔ہماری حکومت نے بی آئی ایس پی کے سالانہ فنڈز سو ارب روپے سے بڑھا دیئے ہیں۔ وزیر مملکت اور چیئر پرسن بی آئی ایس پی ماروی میمن نے کہا کہ این ایس ای آر بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے بڑا ایک قومی اثاثہ ہے۔ کانفرنس میں پارلیمنٹرینز، سفارتکاروں، ترقیاتی شراکت داروں، محققین، سماجی کارکنوں، قومی اور بین الاقوامی ماہرین نے شرکت کی۔