• news

10 سال سے ٹیکس جمع نہ کرانے والے تاجروں کیلئے ایمنسٹی سکیم متعارف کرائی گئی: وفاق کا ہائیکورٹ میں تحریری جواب

لاہور (وقائع نگار خصوصی) وفاقی حکومت نے لاہور ہائیکورٹ کے رو برو موقف اختیار کیا ہے کہ ٹیکس ایمنسٹی سکیم تاجروں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کیلئے متعارف کرائی گئی ہے۔ یہ بات وفاقی حکومت نے ٹیکس ایمنسٹی سکیم کے خلاف دائر درخواست کی سماعت کے دوران پیش کردہ تحریری جواب میں کہی۔ لاہور ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس شاہد جمیل خان نے شیراز ذکا ایڈووکیٹ کی درخواست پر سماعت کی جس میں ٹیکس ایمنسٹی سکیم کو چیلنج کیا گیا ہے۔ وفاقی حکومت نے تحریری جواب میں یہ موقف اپنایا کہ یہ سکیم ان تاجروں کیلئے ہے جنہوں نے گزشتہ دس سال سے ٹیکس نہیں جمع کرایا۔ وفاقی حکومت کے مطابق ٹیکس ایمنسٹی سکیم کے ذریعے تاجروں کو ٹیکس نیٹ میں لایا جائیگا۔ دوسری جانب درخواست نے اعتراض اٹھایا کہ صرف تاجروں کیلئے ایمنسٹی سکیم متعارف کرانا امتیازی سلوک ہے، حکم کالعدم قرار دیا جائے۔ لاہور ہائیکورٹ نے وفاقی حکومت کے تحریری جواب کے بعد وفاقی حکومت کو آئندہ سماعت پر دلائل دینے کی ہدایت کردی۔

ای پیپر-دی نیشن