امریکہ ویتنام، افغانستان جنگ سے سبق سیکھے، فیصلوں پر نظرثانی کرنا ہوگی: خورشید شاہ
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا ہے کہ جمہوریت تحمل، بردباری اور برداشت کا نام ہے۔ عمران سے نمٹنے کا عابد شیر کا بیان جمہوری، اخلاقی قدروں کے منافی ہے۔ حکمران جماعت اپوزیشن کے برعکس زیادہ تحل کا مظاہرہ کرے۔ غیراخلاقی دھمکیوں کا کوئی جواز نہیں۔ عابد شیر علی کو بڑے پن کا مظاہرہ کرتے ہوئے معذرت کرنی چاہئے۔ علاوہ ازیں خورشید شاہ نے کہا کہ نئی امریکی قیادت کا مسلمانوں کے خلاف جاری رویہ جمہوریت اور امن کے منافی ہے۔ امریکہ اشتعال کے بغیر ہی منفی اقدامات پر تُلا ہوا ہے، کسی بھی ملک کی قدر انسان دوستی، انصاف و امن پسندی سے مشروط ہے۔ اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ امریکہ کو ویتنام اور افغانستان جنگوں سے سبق سیکھتے ہوئے پالیسیاں مرتب کرنی چاہیں، اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ نئی امریکی قیادت نے تشدد پسند جیسا رویہ اپنا لیا اور اب حالت جنگ جیسے اقدامات کر کے امریکہ اپنا تشخص دنیا بھر میں خود ہی پامال کر رہا ہے۔ انسان دشمنی کے بجائے دوستی کا راستہ اپنانا ہو گا۔