• news

٭ تحفظ ناموس رسالتؐ کانفرنس میں تحریک انصاف کو مدعو نہ کیا گیا ٭ پی پی رہنما غیر حاضر ٭ فضل الرحمٰن کی مداخلت پر مشکل ٹل گئی

اسلام آباد(آئی این پی) عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کی جانب سے سڑک پر آل پارٹیز تحفظ ناموس رسالت کانفرنس منعقد کرنے کی دھمکی کارگر ثابت ہوئی اور اسلام آباد انتظامیہ کو کانفرنس کے منتظمین کے سامنے گھٹنے ٹیکنے پڑے۔ کانفرنس کے منتظمین ہوٹل کے گیٹ پر پہنچے تو انتظامیہ نے انہیں اندر داخل ہونے سے روک دیا اور بتایا کہ اسلام آباد انتظامیہ نے اس کانفرنس سے منع کیا ہے، جس پر منتظمین میں بے چینی پھیل گئی اور واضح کیا کہ اگر ہوٹل میں نہ جانے دیا گیا تو سڑک پر یہ کانفرنس ہوگی۔ اس دوران مولانا فضل الرحمٰن نے وفاقی سیکرٹری داخلہ کو ٹیلی فون کیا، سیکرٹری داخلہ نے حیرانگی کا اظہارکرتے ہوئے کہاکہ وہ اس معاملے سے آگاہ نہیں۔ یہ ٹیلیفونک رابطہ ختم ہوا تھا کہ تھوڑی ہی دیر بعد اجازت ملنے کی اطلاع آگئی جس پر منتظمین اندر چلے گئے۔ واضح رہے کہ کانفرنس میں تحریک انصاف کے کسی رہنما کو مدعو نہیں کیا گیا جبکہ پیپلز پارٹی کی قیادت نے دعوت نامے بھجوائے جانے کے باوجود شرکت نہ کی۔

ای پیپر-دی نیشن