ساہیوال: کول پاور پلانٹ کیلئے آنیوالی دوسری ٹرین سے 22 ٹن کوئلہ غائب‘ 2 اہلکار گرفتار
ساہیوال (نامہ نگار) قادر آباد کول پاور پلانٹ ساہیوال میں کراچی سے کوئلہ لیکر آنے والی دوسری سپیشل ٹرین سے 22ٹن کوئلہ چوری ہونے کے انکشاف کے بعد سپیشل ٹرین کے گارڈ کو معطل کرکے تفتیش شروع کر دی گئی اور ریلوے کے دو اہلکاروں کو گرفتار کر لیا گیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق پورٹ قاسم سے کوئلے کی دوسری ٹرین چین سے آنے والے کوئلے کی 18بوگیاں لوڈ کرکے ساہیوال پلانٹ لائی گئیں تو ایک بوگی میں 22ٹن کوئلہ موجود نہ تھا بلکہ بوگی خالی پائی گئی ریلوے حکام نے ٹرین کے گارڈ کو معطل کر دیا اور دو دیگر اہلکاروں کو گرفتار کرکے تفتیش شروع کی تو انکشاف ہوا کہ ٹرین کراچی سے چلنے کے بعد بہاولپور کے نزدیک گلاب ریلوے سٹیشن پر تھوڑی دیر کے لیے رکی تھی اورکوئلہ کا چوری ہونا پایا گیا تاہم پاکستان ریلوے کی خصوصی ٹیم نے تفتیش شروع کر دی ہے اور حکومت نے پورٹ قاسم سے ساہیوال پاور پلانٹ کوئلہ لانے والی ٹرینوں کی سیکورٹی بڑھا دی ہے۔ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق ٹرین سے کوئلہ چوری نہیں ہوا مینول سسٹم کھلنے سے کوئلہ نیچے گر گیا۔