• news

پنجاب کی جیلوں میں تعلیم بالغاں پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ

لاہور (پ ر) پنجاب بھر کی تمام جیلوں میں ان پڑھ قیدیوں کو بنیادی تعلیم فراہم کرنے کیلئے منصوبہ تیار کر لیا گیاہے۔ جیلوں کو جرائم کی نرسریاں بننے کی بجائے درس گاہوں میں تبدیل کریں گے۔ قیدی خواتین و حضرات کو جیل کے اندر تعلیم یافتہ قیدی بنیادی تعلیم دیں گے۔ علم کی روشنی سے قیدیوں کو معاشرے کا تعمیری اور کارآمد رکن بنایا جائے گا۔ 4 ماہ کے تعلیم بالغاں کورس سے قیدیوں کو لکھنے پڑھنے کے قابل بنایا جائے گا۔قیدیوں کو کتابیں، سٹیشنری اور تمام ضروری سامان محمہ لٹریسی فراہم کرے گا۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر لٹریسی و نان فارمل بیسک ایجوکیشن ڈاکٹر فرخ جاوید نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ محکمہ لٹریسی ماضی میں جیلوں میں قیدیوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کے پائلٹ منصوبے پر خوش اصلوبی سے کام مکمل کر چکا ہے۔پنجاب میں لاہور، ساہیوال، ملتان، راولپنڈی،بہاولپور، میانوالی اور ڈی جی خان سمیت بڑی جیلوں کا ڈیٹا حاصل کیا جا چکا ہے اور باقی پر کام جاری ہے۔ صوبائی وزیر لٹریسی ڈاکٹر فرخ جاویدنے اس موقع پرسیکرٹری لٹریسیڈاکٹر نوید چوہدری اور آئی جی جیل خان جات فاروق نزیر کو ہدایت کی کہ منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کیلئے جلد لائحہ عمل تشکیل دیں ۔یاد رہے کہ اس وقت پاکستان میں شرح خواندگی 60جبکہ پنجاب میں 63فیصد ہے جس میں بہتری کیلئے محکمہ مختلف پراجیکٹس پر کام کر رہا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن