• news

ریفرنڈم: واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین نے 3 سال کیلئے میدان مار لیا

لاہور + فیصل آباد+ اسلام آباد (نیوز رپورٹر + نامہ نگاران+ نمائندہ خصوصی) ملک بھر میں بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں اور واپڈا میں ہونیوالے ریفرنڈم میں آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین نے آئندہ تین سال کے لئے بھاری اکثریت سے میدان مار لیا۔ اس حوالے سے لاہور سمیت ملک بھر میں 348 پولنگ سٹیشن قائم کئے گئے۔ اسلام آباد اور صوبوں میں بھی ریفرنڈم منعقد ہوا۔ جس میں خفیہ رائے شماری سے ہائیڈرو الیکٹرک تنظیم کو منتخب کیا گیا۔ ریفرنڈم کی کامیابی پر فیصلہ کیا گیا کہ واپڈا ہائیڈرو کے کارکن آج ملک بھر میں یوم تشکر منائیںگے۔ دریں اثناء ریفرنڈم کی کامیابی کے بعد واپڈا کے سینکڑوں کارکن جلوسوں کی صورت میں نسبت روڈ بختیار لیبر ہال پہنچے اس موقع پر جنرل سیکرٹری خورشید احمد نے کامیابی پر خدا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ واپڈا کی بہتر کارکردگی اور صارفین کی بہتر خدمات اور محنت کشوں کے اتحاد وتنظیم کو مضبوط رکھنے کے لئے کوششیں جاری رہیں گی۔ انہوں نے کارکنوں کو یونین کے قومی ریفرنڈم میں بھاری اکثریت سے کامیاب کرانے پر مبارک باد دی۔ نمائندگان کے مطابق فیصل آباد، سرگودھا، چنیوٹ، جڑانوالہ، جھنگ، میانوالی، وزیر آباد سمیت کئی شہروں میں ہائیڈرو یونین فاتح رہی۔ شیخوپورہ سے نامہ نگار خصوصی کے مطابق ریفرنڈم میں واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک یونین نے بھاری اکثریت سے جیت لیا نتائج کے مطابق مرکزی نائب صدر محمد یونس کمبوہ، ڈویژنل چیئرمین رانا شفیق احمد، مرکزی جوائنٹ سیکرٹری چوہدری اقبال گجر، جنرل سیکرٹری انور واہگہ، ڈویژنل جنرل سیکرٹری مرزا محمد اشرف، سول لائن سب ڈویژن جنرل سیکرٹری زاہد کمال، چیئرمین رورل ڈویژن سید واجد علی شاہ، سٹی سب ڈویژن چیئرمین عابد علی شاہ، چیئرمین جنڈیالہ سب ڈویژن محمد عابد شامل ہے۔

ای پیپر-دی نیشن