لاہور: پسند کی شادی ‘ بہن کو پنچائیت میں قتل کر دیا، پھوپھی ،کزن زخمی
لاہور (نامہ نگار)لوئر مال کے علاقہ میں بھائی نے پسند کی شادی کرنے والی بہن کو کونسلر کے دفتر میں فائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اتار دیا ہے ، فائرنگ کی زد میں آکر اس کی پھوپھی اور کزن بھی زخمی ہوگیا جبکہ ملزم فائرنگ کرتا ہوا فرار ہوگیا ۔لوئر مال کے علاقہ ابراہیم روڈ بلال گنج کی رہائشی لڑکی شازیہ نے چند روز قبل گھر سے بھاگ کرحسن نامی لڑکے سے شادی کرلی تھی۔ جس کا اس کے گھر والوں کو رنج تھا۔گزشتہ روزشازیہ اپنا بیان ریکارڈ کرانے کیلئے عدالت گئی۔ جہاں اس کے گھر والے صلح اور معاملے کو گھر میں حل کرنے کا کہہ کرشازیہ کو اپنے ساتھ لے آئے۔ شازیہ اپنے اہلخانہ کے ہمراہ رشتے دار یوسی 56 کے جنرل کونسلر شہزاد فاروق کے دفتر میں موجود تھی کہ اس کے بھائی اکرم نے وہاں آ کر اندھا دھند فائرنگ کردی۔جس کی زد میں آ کر شازیہ موقع پر ہلاک جبکہ اس کی پھوپھی منور بی بی اور کزن عدنا ن اور زخمی ہو گیا۔پولیس کے مطابق شازیہ نے حسن نامی شخص سے پسند کی شادی کی تھی ،جو کہ شفیق آباد کا رہائشی ہے۔پولیس نے شازیہ کے خاوند حسن کے بیان پر اکرم کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی ہے۔پولیس کے مطابق ملزم کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جارہے ہیں، جلد ہی گرفتار کرلیا جائے گا۔