گوجرانوالہ پولیس کی پھرتیاں، نہم کلاس کے طالب علم کو سکول جاتے گرفتار کر کے اشتہاری کو پناہ دینے کا مقدمہ درج کر لیا، عدالت کے حکم پر رہائی ملی
گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) پولیس کی پھرتیاں، نہم کلاس کے طالبعلم کو سکول جاتے ہوئے گرفتار کر کے اشتہاری کو پناہ دینے کا مقدمہ درج کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق راجکوٹ کے رہائشی ذیشان کیخلاف تھانہ احمد نگر میں چوری کا مقدمہ درج تھا جس کو گرفتار کرنے میں ناکامی پر چوکی کیلاسکے پولیس نے ملزم کے گھر راجکوٹ ریڈ کیا اور گھر سے اس کے بھائی نہم کلاس کے طالبعلم احمد کو سکول جاتے ہوئے گرفتار کر کے اس کیخلاف تھانہ دھلے میں اشتہاری کو پناہ دینے کا مقدمہ درج کروا دیا، طالبعلم کو عدالت میں پیش کر نے کیلئے دھلے پولیس سیشن کورٹ پہنچی تو طالبعلم کے کاندھے پر بستہ تھا تاہم پولیس اہلکاروں نے طالبعلم کا بستہ عدالت کے باہر رکھا اور اسے جوڈیشل مجسٹریٹ محمد آصف کی عدالت میں پیش کیا جہاں پر فاضل عدالت کے جج نے پولیس کو گرفتار طالبعلم کو فوری رہا کرنے کا حکم دیدیا، عدالت کے حکم پر پولیس اہلکاروں نے طالبعلم کی ہتھکڑیاں کھول دیں۔