عمران اور ٹرمپ دونوں جنونی امریکی صدر بڑے پاگل ہیں: رانا ثنا
لاہور (خصوصی نامہ نگار) صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ عمران اور امریکی صدر ٹرمپ دونوں پاگل ہیں۔ ان کا موازنہ کیا جائے تو ٹرمپ بڑے پاگل ہیں، امریکہ سے ڈکٹیشن لی ہے نہ لیں گے، حافظ سعید کی نظر بندی ضرب عضب اور قومی ایکشن پلان کی پالیسی کا حصہ ہے، پاکستان کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی کی سفارتی اور اخلاقی حمایت کرتا ہے تاہم ہم مسلح حمایت پر یقین نہیں رکھتے اگر کوئی ریاستی پالیسی سے انحراف کرتا ہے تو اسے نظر بند یا واچ لسٹ میں شامل کیا جا سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ رانا ثنا نے کہا کہ امریکی ٹرمپ اور عمران دونوں جنونی و ضدی ہیں جو بات ان کے دماغ میں آجاتی ہے اس کے پیچھے بھاگ نکلتے ہیں۔ پنجاب بنک سمیت کسی بھی سرکاری بنک سے مسلم لیگ کی قیادت یا ارکان نے سیاسی طور پر قرض معاف نہیں کرائے تاہم کسی سیاسی شخصیت کے رشتہ دار کو کاروبار سے نہیں روکا جا سکتا۔ قطری حکمرانوں کو گھوڑا دینے سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ’’ گھوڑا نکلا نہیں زبردستی نکال لیا گیا ہے‘‘۔ عمران خان اور شیخ صاحب گھوڑے پر بیٹھنے کے قابل نہیں ہیں لیکن وہ گھوڑے نکال کر غلط فہمی پیدا کرنا چاہتے ہیں۔