مدارس کے طلبا کو قومی دھارے میں لانے کیلئے اصلاحات کا فیصلہ
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) مشیر قومی سلامتی ناصر جنجوعہ کی زیرصدارت مدارس اصلاحات کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ وزیر مذہبی امور اور وزیرتعلیم نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں مدارس کے تعلیمی نصاب پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مشیر قومی سلامتی مدارس سے متعلق پیکیج تیار کریں گے۔ پیکیج پر مدارس کی تنظیموں‘ سکالرز اور طلباء سے بات ہوگی۔ مشیر قومی سلامتی نے کہا کہ مدارس میں زیرتعلیم طلباء کسی سے کم نہیں۔ مدارس کے طلباء کیلئے تمام شعبہ زندگی کی راہیں کھلنا چاہئیں۔ انہیں اعلیٰ تعلیم کے مواقع ملنے چاہئیں۔ مدارس میں تعلیم حاصل کرنے والے بھی اس دھرتی کیلئے ہیں۔ ریاست کی ذمہ داری ہے کہ مدارس کے طلباء کو برابری کے مواقع دے۔ اس معاملے پر متعلقہ وزارتوں اور اداروں سے تفصیلی مشاورت کا فیصلہ کیا گیا۔ اصلاحات کا مقصد مدارس کے طلباء کو قومی دھارے میں لانا ہے۔ قبل ازیں کشمیر کانفرنس سے خطاب کرتے قومی سلامتی کے مشیر جنرل (ر) ناصر جنجوعہ نے کہا کہ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی میں ان کے ساتھ ہیں اور ان کی ہر طرح کی اخلاقی‘ سفارتی و سیاسی مدد جاری رکھیں گے۔ اگر مسئلہ کشمیر حل نہ کیا گیا تو یہ اس سے زیادہ شدت سے اٹھے گا اور اس کو روکنا بھارت کے بس میں نہ ہوگا۔ ناصرجنجوعہ نے کہا دنیا نے مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے انسانی حقوق کی پامالیوں پر دہرا معیار اختیار کیا ہوا ہے۔ آزادکشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کیلئے پاکستان نے بہت بڑی قیمت ادا کی ہے۔ کشمیر پاکستان کی ریاست کا فطری حصہ ہے۔ کچھ لوگ کہہ رہے ہیں کہ آزادی کی تحریک کمزور ہو گئی ہے‘ اگر آزادی کی تحریک کمزور ہو گئی ہوتی تو کشمیری کب کے ہتھیار ڈال چکے ہوتے۔ انہوں نے کہا کہ ہم کشمیریوں کے ساتھ ہیں۔ 5 فروری کو ہم یوم یکجہتی کشمیر منائیں گے۔ کانفرنس سے سردار عتیق‘ مشعال ملک‘ میر طاہر اور دیگر رہنمائوں نے بھی خطاب کیا۔