حکومت آزادی کشمیر کیلئے روڈ میپ دے، اقدامات سے آگاہ کیا جائے: سراج الحق
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت کشمیر کی آزادی کیلئے روڈ میپ دے اور قوم کو اب تک اس سلسلہ میں ہونے والے اقدامات سے آگاہ کیا جائے، پاکستانی سفارتخانوں میں علیحدہ کشمیر ڈیسک قائم کئے جائیں اور فوری طور پر انٹرنیشنل کشمیر کانفرنس بلائی جائے، کشمیری حکومت کی منافقانہ پالیسیوں کے شاکی ہیں، حکمران ایک طرف بھارت سے دوستی کی پینگیں بڑھا رہے ہیں اور ملک میں بھارتی فلموں کی نمائش کی اجازت دے دی گئی ہے اور دوسری طرف کشمیریوں کی حمایت کے دعوے کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں مرکزی شعبہ جات کے ذمہ داروں سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سراج الحق نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کی وجہ سے خطے کا امن شدید خطرات میں گھرا ہوا ہے۔ دشمن آئے روز پاکستان کا پانی بند کرنے کی دھمکیاں دے رہا ہے اور مودی سے کچھ بعید نہیں کہ وہ پنجاب میں انتخابات جیتنے کیلئے کسی حماقت کا مظاہرہ کر بیٹھے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت قوم کو واضح لائحہ عمل دے کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے کیا عملی اقدامات کررہی ہے تاکہ دونوں طرف کے کشمیریوں کو بھی کوئی حوصلہ مل سکے۔ سینیٹر سراج الحق نے قوم سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ پانچ فروری یوم یکجہتی کشمیر کو قومی جوش و جذبے اور اس عہد کے ساتھ منایا جائے کہ کشمیر کے بغیر پاکستان نامکمل ہے اور جب تک پاکستان کی شہ رگ کو پنجہ استبداد سے چھڑا نہیں لیتے ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ ہزاروں نوجوانوں کو بھارتی جیلوں اور عقوبت خانوں میں انسانیت سوز مظالم اور بدترین تشدد کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ کشمیریوں کے کھیتوں اور کھلیانوں کو جلایا اور مساجد و مدارس کو نذر آتش کیا جارہا ہے۔ ایمنسٹی انٹر نیشنل نے کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین پامالی پراقوام متحدہ کو سینکڑوں خطوط ارسال کئے لیکن اقوام متحدہ مسلمانوں پر ہونے والے مظالم پر خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔