وزیر خزانہ کے ٹیکس شارٹ فال پر تحفظات سالانہ ہدف پورا کرنے کی ہدایت
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی + نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی صدارت میں اجلاس میں کمپنیز آرڈیننس پر غور کیا گیا۔ یہ آرڈیننس اس وقت قومی اسمبلی میں زیر غور ہے۔ ایس ای سی پی کے چیئرمین ظفر حجازی اور پارلیمانی سیکرٹری نے قومی اسمبلی میں ہونے والی کارروائی کے بارے میں بتایا۔ وزیر خزانہ نے کہا قانون کی بہتری کے لئے رکن پارلیمنٹ کوئی تجویز دیتے ہیں تو اس کا خیر مقدم کیا جائے۔ اجلاس میں وفاقی وزیر قانون بھی شریک ہوئے۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق اسحاق ڈار نے ٹیکس شارٹ فال پر تحفظات کا اظہار کیا۔ انہوں نے سالانہ ٹیکس ہدف پورا کرنے کی ہدایت کی۔ وزیرخزانہ نے کہا ٹیکس محاصل میں اضافہ پائیدار ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔ اجلاس میں آڈٹ اصلاحات کا جائزہ بھی لیا گیا۔ اس پر آڈیٹر جنرل پاکستان نے بریفنگ دی۔ آڈیٹر جنرل رانا اسد امین نے کہا آڈٹ ریکوری میں 100 فیصد اضافہ ہوا۔ رواں سال آڈٹ کے ذریعے 81 ارب روپے ریکوری کی گئی۔ گزشتہ سال آڈٹ کے ذریعے 40 ارب روپے ریکوری کی گئی۔ رواں مالی سال 596 آڈٹ رپورٹس تیار کی گئیں۔ ہارون اختر نے اجلاس کو ٹیکس اصلاحات اور ٹیکس معلومات کے تبادلے کیلئے عالمی قوانین کے معاہدوں پر بریفنگ دی۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ ٹیکس معلومات کے تبادلے کیلئے ایف بی آر کی خدمات بہتر ہیں۔