نوشکی: قطری شہزادے کی گرفتار شدہ شکاری پارٹی بغیر این او سی سفر کررہی تھی: انتظامیہ ذرائع
کوئٹہ (بی بی سی ڈاٹ کام) بلوچستان کے ضلع نوشکی میں قطری شہزادے کی شکار پارٹی کے گرفتار کیے جانے والے افراد صوبائی محکمہ داخلہ کے این او سی کے بغیر سفر کر رہے تھے۔ نوشکی میں انتظامیہ کے ذرائع کے مطابق یہ لوگ بذریعہ سڑک بلوچستان کے ایران سے متصل ضلع واشک کے علاقے ماشکیل جا رہے تھے۔ لیویز فورس کے اہلکاروں نے ناکے پر ان کی گاڑیوں کو رکنے کا اشارہ کیا تھا لیکن نہ رکنے پر گاڑیوں میں سوار 16 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ ان.وں نے بتایا کہ گرفتار افراد قطری شہزادے عبد اللہ بن حماد الثانی کی شکار پارٹی کے لوگ تھے۔ نوشکی انتظامیہ کے ذرائع نے بتایا کہ گرفتار افراد سے چھ شکاری پرندے بھی تحویل میں لیے گئے ہیں جو محکمہ جنگلات و جنگلی حیات کے حوالے کیے جائیں گے۔ واضح رہے کہ عرب شہزادے سردیوں کے موسم میں بلوچستان کے مختلف علاقوں میں نایاب پرندے تلور کی شکار کے لیے آتے ہیں۔ ماضی کے برعکس بلوچستان میں اس مرتبہ قطری شہزادوں کو شکار کے لیے زیادہ علاقے الاٹ کیے گئے ہیں۔