مقبوضہ کشمیر : یوم مزاحمت پر مظاہرے‘ بھارتی فوجیوں پر شدید پتھراﺅ‘ شیلنگ 40 زخمی‘ میرواعظ نظربند
سرینگر ( نیوز ڈیسک) بھارت کے ناجائز قبضے کے خلاف جمعہ کو مقبوضہ کشمےر مےں ےوم مزاحمت مناےا گےا۔ اس دوران مکمل ہڑتال ہوئی اور مظاہرے کےے گئے۔ سرینگر، بانڈی پورہ، پلوامہ سمےت وادی مےں تمام کاروباری ادارے‘ بازار دکانےں بند رہے۔ کاروبار زندگی معطل ہو کر رہ گےا۔ وکلاءنے عدالتوں کا بائےکاٹ کےا جبکہ بھارتی فورسز نے سانبورہ، کریم آباد، مورن پلوامہ اور شوپیان میں مظاہرین پر فائرنگ، لاٹھی چارج کیا‘ آنسو گیس برسائی جس سے 30 افراد زخمی ہو گئے۔ واضح رہے حریت قےادت نے کولکتہ کی عدالت سے گزشتہ دنوں کولگام کے مظفر احمد راٹھور کو سزائے موت سنائے جانے کے خلاف جمعہ 3 فروری کو یوم مزاحمت منانے کے ساتھ ساتھ مکمل ہڑتال کی اپےل کی تھی۔ ےوم مزاحمت کے موقع پر آئمہ مساجد نے نماز جمعہ کے موقع پر عدالتی ناانصافی کے خلاف صدائے احتجاج بلند کی۔ ادھر بانڈی پورہ میں فوج کی فائرنگ کیخلاف کشمیریوں نے احتجاج کرکے گریز بانڈی پورہ کی شاہراہ کو کئی گھنٹوں تک بند رکھا اور فوج کیخلاف شدید نعرہ بازی کی۔ قبل ازیں فوج اور ایس او جی نے رات گئے مسلسل ہوائی فائرنگ کی اورگھر گھر تلاشی لی۔ مظاہرین نے آزادی کے حق میں بھی نعرے لگائے جبکہ جے کے ایل ایف کے کارکنوں نے سری نگر کے لال چوک میں بھارتی عدالت کیخلاف احتجاج کیا۔ دریں اثنا پولیس نے حریت کانفرنس کے رہنما میر واعظ عمر فاروق کو تحویل میں لیکر نگین میں ان کے گھر پر نظربند کر دیا۔ میر واعظ نوہٹہ میں یوم مزاحمت کے حوالے سے بھارت مخالف ریلی کی قیادت کرنے والے تھے۔ نوہٹہ میں سینکڑوں کشمیری اطلاع ملتے ہی مشتعل ہوگئے اور بھارتی فورسز پر شدید پتھراﺅ کی جس سے ایک فوجی شدید زخمی ہو گیا۔ پلوامہ میں بھارتی فورسز کی بھاری نفری نے مسجد کا محاصرہ کر لیا اور ایک مقامی نوجوان منظور احمد غنی کو مجاہد ہونے کا الزام لگا کر پکڑ لیا۔ اس کی گرفتاری پر بھی درجنوں افراد نے شدید احتجاج کرتے ہوئے فوجیوں پر پتھراﺅ‘ اینٹیں اور روڑے برسائے۔ نورپورہ اور لاسی میں بھی شدید جھڑپیں ہوئیں۔ علاوہ ازیں بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی جنہیں سینے میں درد ہونے پر شہر کشمیر میڈیکل انسٹیٹیوٹ کے آئی سی یو میں داخل کرایا گیا گزشتہ روز طبیعت میں بہتری پر ڈسچارج کر دیا گیا۔ اس سے قبل حریت رہنماﺅں میر واعظ عمر فاروق اور یٰسین ملک نے ہسپتال جا کر سید علی گیلانی کی عیادت کی۔ علاوہ ازیں سرینگر کے علاقے شوپورہ میں تعینات بھارتی انٹیلی جنس بیورو کے افسر ونود رام جوشی نے افسروں کے رویئے سے تنگ آکر خودکشی کر لی۔ اس کی نعش اس کے گھر سے برآمد ہوئی۔
مقبوضہ کشمیر