• news

بلائنڈٹی 20 ورلڈ کپ: پاکستان نیپال کو ہرا کر سیمی فائنل میں پہنچ گیا

لاہور (نمائندہ سپورٹس+ سپورٹس رپورٹر+ خصوصی رپورٹر) بلائنڈ ورلڈ ٹی20 قومی ٹیم نے نیپال کو شکست دے کر لگاتار پانچویں فتح حاصل کرلی اور سیمی فائنل میں پہنچ گئی۔دہلی میں جاری ایونٹ میں نیپال نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بیس اوورز میں 116 رنز بنائے۔ثنا ء اللہ خان نے دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، سنیل رانا ماگر 40 رنز بنا کر سب سے کامیاب بلے باز لیکن دیگر کوئی کھلاڑی قابل ذکر کھیل نہ پیش کر سکا۔ حریف ٹیم کے چار کھلاڑی رن آؤٹ ہوئے۔ پاکستان نے ہدف باآسانی آٹھویں اوور میں بغیر کسی نقصان کے حاصل کر لیا۔ پاکستان کے مطیع اللہ نے 50 اور ریاست خان نے 56 رنز سکور کیے۔یہ پاکستانی ٹیم کی اس ایونٹ میں لگاتار پانچویں فتح ہے جہاں وہ اس سے قبل نیوزی لینڈ، انگلینڈ، روایتی حریف ہندوستان اور سری لنکا کو بھی شکست دے چکی ہے۔بھارت نے جنوبی افریقہ کو شکست دیدی ۔ جنوبی افریقہ نے 8وکٹوں پر 157رنز بنائے ۔ بھارت نے ہدف ایک وکٹ پر حاصل کرلیا۔ بنگلہ دیش نے نیوزی لینڈ کو ہرا دیا ۔ بنگلہ دیش نے 2وکٹوں پر330رنز بنائے ۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم نو وکٹوں پر 240رنز بناسکی ۔ سری لنکا نے انگلینڈ کو زیر کر لیا ۔ سری لنکا نے ایک وکٹ پر 307رنز بنائے ۔ انگلینڈ کی ٹیم سات وکٹوں پر 204رنز بناسکی ۔ ویسٹ انڈیز نے آسٹریلیا کو زیر کر لیا ۔ ویسٹ انڈیز نے پانچ وکٹوںپر 229رنز بنائے ۔ آسٹریلیا کی ٹیم دو وکٹوں پر 136رنز بناسکی ۔ آج بنگلہ دیش کا مقابلہ آسٹریلیا ‘ویسٹ انڈیز کا نیپال ‘بھارت کا سری لنکا ‘جنوبی افریقہ کا انگلینڈ سے ہوگا۔ پاکستان اپنا اگلا میچ پرسوں نیوزی لینڈ کیخلاف کھیلے گا۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے ٹی20 بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ میں مسلسل 5 ویں کامیابی پر قومی کرکٹ ٹیم کو مبارکباد دی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستانی کھلاڑیوں نے ہر شعبے میں نیپال کو آئوٹ کلاس کرکے فتح حاصل کی۔

ای پیپر-دی نیشن