ایران کے خلاف فتح کے ساتھ12 سال بعد انٹرنیشنل ٹینس کی پاکستان واپسی
اسلام آباد (سپورٹس رپورٹر) پاکستانی کھلاڑیوں نے 12 سال بعد ملک میں بین الاقوامی ٹینس کی واپسی کا شاندار طریقہ سے استقبال کیا ہے جہاں پاکستانی ٹاپ سیڈ اعصام الحق اور عقیل خان نے اپنے اپنے سنگلز میچز میں کامیابی حاصل کر لی۔ایونٹ کے پاکستان میں انعقاد پر اس وقت منسوخی کا خطرہ منڈلانے لگا تھا جب ایران نے سکیورٹی خدشات کے سبب پاکستان میں کھیلنے سے انکار کردیا تھا لیکن انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن نے معاملے مداخلت کی اور ایونٹ کے پاکستان میں ہی انعقاد کا اعلان کیا۔اسلام آباد میں کھیلے گئے میچ میں عقیل خان اور اعصام الحق نے ایرانی حریفوں کو شکست دے کر فاتحانہ انداز میں ایونٹ کا آغاز کیا۔ عقیل خان نے ایران کے شاہین خالدان کو سٹریٹ سیٹس میں شکست دیکر پاکستان کو پہلی کامیابی دلائی، ان کی فتح کا سکور 7-6، 6-4 اور 6-2 رہا۔دوسرے میچ میں پاکستان کے ٹاپ سیڈ اعصام الحق نے آسان مقابلے کے بعد ایران کے انوشہ شاہ کو سٹریٹ سیٹس میں شکست دے دی، انہوں نے 6-1، 6-2 اور 6-2 سے فتح اپنے نام کی۔ ڈبلز کے مقابلے آج ہونگے‘ پاکستان کی ڈبلز ٹیم کی نمائندگی محمد عابد علی اکبر اور محمد عابد مشتاق کر رہے ہیں۔ایشین اوشیانا گروپ 2 کا پہلا راؤنڈ تین سے پانچ فروری تک اسلا آباد پاکستان اسپورٹس بورڈ کے ٹینس کورٹ میں کھیلا جارہا ہے۔