امریکہ کی طرف سے اقوام متحدہ کی فنڈنگ میں کٹوتی سے پاکستان میں جاری پروگرام متاثر ہو سکتے ہیں: ڈائریکٹر
اسلام آباد (صباح نیوز) امریکہ کی جانب سے اقوام متحدہ کی فنڈنگ میں ممکنہ کٹوتی کا پاکستان پر بھی اثر پڑنے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔ پاکستان میں مبصرین کا کہنا ہے امریکہ کی طرف سے اقوام متحدہ کو فراہم کی جانے والی اعانت یعنی فنڈنگ کو کم کیا گیا تو اس کے اثرات پاکستان میں جاری منصوبوں پر بھی پڑیں گے۔ اقوام متحدہ کے کل بجٹ کا 22 فیصد امریکہ دیتا ہے اور امن مشنز کے لیے اضافی 28 فیصد رقم بھی فراہم کی جاتی ہے۔ سال 2016-17 کے لیے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا بجٹ لگ بھگ ساڑھے پانچ ارب ڈالر، امن مشنز کے لیے عالمی تنظیم کا بجٹ تقریبا 8 ارب ڈالر ہے۔ پاکستان میں اقوام متحدہ کے انفارمیشن سینٹر کے ڈائریکٹر وٹوریو کیماروٹا نے امریکی خبر رساں ایجنسی سے گفتگو میں کہا اس وقت پاکستان میں اقوام متحدہ کے تقریبا 21 ذیلی ادارے مختلف شعبوں میں کام کر رہے ہیں۔ انھوں نے امریکہ کی طرف سے اقوام متحدہ کی فنڈنگ میں کٹوتی کی اطلاعات پر براہ راست بات کرنے سے گریز کرتے ہوئے کہا جب تک ایسا ہو نہیں جاتا، اس وقت تک اس بارے میں ہم کچھ نہیں کہہ سکتے۔ میں یہ کہہ سکتا ہوں اقوام متحدہ کی سرگرمیوں کے لیے فنڈنگ ممبر ممالک سے ملتی ہے۔ تو فنڈنگ کے بغیر اس کام کو جاری رکھنا ممکن نہیں۔