امریکہ میں ورلڈ حجاب ڈے مہم کی ریلی میں غیر مسلم خواتین بھی شریک
نیویارک(آئی این پی) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے مسلمانوں کے خلاف متعصبانہ پالیسیاں اختیار کئے جانے کے بعد مسیحی برادری بھی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کے لئے میدان میں کود پڑی ۔ سوشل میڈیا پر ورلڈ حجاب ڈے کے نام سے چلائی جانے والی مہم میں خواتین اپنی حجاب میں تصاویر شیئر کر کے ٹرمپ کی پالیسیوں کی کھل کر مخالفت کر رہی ہیں۔نیویارک کی مسلم خواتین کی جانب سے ورلڈ حجاب ڈے کی پانچویں سالانہ تقریب کے سلسلے میں سٹی ہال سے ایک ریلی نکالی گئی جس میں مسلم و غیر مسلم خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔خواتین نے ٹرمپ انتظامیہ کے خلاف نعرے بلند کئے بلکہ پلے کارڈز پر لکھا کہ ہم سب مسلمان ہیں ۔ریلی کی منتظم ناظمہ خان کا کہنا تھا ریلی کا مقصد ملک میں تیزی سے پھیلتے مذہبی عدم برداشت کا خاتمہ اور مسلم و غیر مسلم خواتین کو ایک دوسرے کے قریب لانا ہے۔ ناظمہ خان کا کہنا تھا وہ 11 سال کی تھیں جب بنگلادیش سے نیویارک منتقل ہوئیں جس کے بعد انہیں حجاب پہننے پر سکول میں بیٹ مین اور ننجا پکارا جاتا تھا ورلڈ ٹریڈ سینٹر حملوں کے بعد انہیں یونیورسٹی میں اسامہ بن لادن اور دہشت گرد کے نام سے پکارا جانے لگا ملک سے تعصب کا خاتمہ اسی وقت کیا جاسکتا ہے کہ جب ہم اپنی غیر مسلم بہنوں کو کہیں کہ وہ ایک مرتبہ حجاب پہن کر دیکھیں۔