• news

لوگ عمران کے جھوٹے الزامات پر یقین نہیں کر رہے کبھی نہیں کہا خطوط سے قطری حکومت کا تعلق ہے: مریم اورنگزیب

اسلام آباد (اے پی پی) وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ لوگ عمران خان کے وزیراعظم محمد نواز شریف پر لگائے جانے والے جھوٹے الزامات پر یقین نہیں کر رہے ، کسی رہنما کی شہرت کے لیے ترقیاتی کام بھی ایک پیمانہ ہوتے ہیں اور ہمارے حالیہ دور حکومت میں جتنے ترقیاتی کام کیے گئے ہیں ماضی میں ان کی مثال نہیں ملتی اس لئے پاکستانی عوام وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کر رہی ہے ،حالیہ سروے رپورٹ حکومت اور وزیراعظم محمد نواز شریف کے حق میں حوصلہ افزا ہے۔ سروے کسی بھی پالیسی کی کامیابی یا ناکامی کو چیک کرنے کے ٹولز ہوتے ہیں، سروے سے اختلاف کیا جا سکتا ہے لیکن کسی ادارے کو نشانہ نہیں بنانا چاہئے۔ وفاقی حکومت کے حق میں کسی رپورٹ کے آنے پر عمران خان کا اس طرح کا شدید ردعمل اور پھر اسے فوری طور پر وزیراعظم محمد نواز شریف یا حکومت سے جوڑ دینا درست عمل نہیں، انہوں نے کہا کہ حالیہ سروے رپورٹ میں صرف وزیراعظم محمد نواز شریف، بلاول بھٹو یا عمران خان کی مقبولیت کا ہی تذکرہ نہیں بلکہ اور بھی بہت سی چیزیں ہیں جن میں ملکی امن و امان کی بہتر صورت حال سمیت ملکی معاشی استحکام اور مختلف صوبوں کی حکومتی کارکردگی کے بارے میں بھی سوال کئے گئے ہیں۔ کارکردگی کی بنیاد پر الیکشن جیتیں گے۔ وزیر مملکت اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے تحریک انصاف کے سربراہ کے بیان کے جواب میں کہا کہ ہم نے کبھی نہیں کہا کہ خطوط کا تعلق قطری حکومت سے ہے۔ قطر کے شہزادے نے ذاتی حیثیت سے خطوط لکھے ہیں۔
مریم اورنگزیب

ای پیپر-دی نیشن