• news

لاہور سمیت کئی شہروں میں بارش بلوچستان: برف باری، بارات کی گاڑیاں پھنس گئیں، حادثات 6 جاں بحق

لاہور (نامہ نگاران + نیوز ایجنسیاں + نوائے وقت رپورٹ) لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں بارش سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔ سرگودھا اور گردونواح میں ہفتہ کے روز سرد ہواﺅں اور گہری گھٹاﺅں کیساتھ ساتھ کہیں پر ہلکی بارش ہوئی۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ دو روز تک ملک بھر کے مختلف علاقوں میں کہیں پر بارش‘ کہیں پر دھوپ اور کہیں پر دھند کی پیشگوئی کی ہے سردی کی شدت میں اضافے کی وجہ سے چٹ پٹی اشیاءکی فروخت میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا۔ محکمہ زراعت کے ماہرین کے مطابق یہ بارش گندم کی فصل کےلئے مفید ثابت ہو گی۔ کمالیہ، چنیوٹ، منڈی شاہ جیونہ، چیچہ وطنی سے نامہ نگاروں کے مطابق گلی محلوں میں پانی جمع ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ بارش کے باعث مختلف علاقے بجلی سے محروم ہو گئے۔ ضلع چکوال میں بارش کے دوران تین مختلف ٹریفک حادثات میں ایک خاتون سمیت تین افراد جاں بحق ،دس سے زائد شدید زخمی ہو گئے۔ سیالکوٹ سے نامہ نگار کے مطابق سیالکوٹ میں شدید دھند کی وجہ سے معمولات زندگی متاثر ہوااور سیالکوٹ انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر فلائٹ شیڈول بھی متاثر ہوا۔ دھند کی وجہ سے ڈسکہ، پسرور، سمبڑیال سمیت تمام سڑکوں پر ٹریفک کی روانی میں شدید مشکلات کا سامنا رہا۔ لالیاں سے نامہ نگار کے مطابق بارش نے سردی کی شدت میں ایک بار پھر اضافہ کردیا۔ بچیانہ سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق بچیانہ اور گردونواح میں تیز ہواﺅں کے ساتھ بارش کا سلسہ دوبارہ شروع ہوگیا۔ سردی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی ڈرائی فروٹ اور مچھلی کی دُکانوں پر رش بڑھ گیا۔ دریں اثنا بلوچستان کے ضلع چاغی میں برف باری کے باعث دلہا دلہن سمیت باراتیوں کی 6گاڑیاں لاپتہ ہوگئیں، کئی گھنٹے گزرنے کے بعد سراغ مل گیا۔ شدید سردی کے باعث ایک بچی جاں بحق جبکہ 6افراد بے ہوش ہو گئے۔ نوشکی کے علاقے قادر آباد کا رہائشی خلیل احمد چاغی سے اپنی دلہن کو لے کر باراتیوں کے ہمراہ واپس آ رہا تھا کہ شدید بارش کے باعث زاروچہ کے صحرائی علاقے میں پھنس گئے۔ ڈی سی نوشکی شکیل احمد کا کہنا تھا دولہا دلہن سمیت 60 سے زائد باراتی بلوچستان کے علاقے بٹی کے مقام پر مل گئے ہیں۔ ادھر وزیراعلیٰ بلوچستان نے بھی واقعے کا نوٹس لے لیا ہے۔ مکان کی دیوار گرنے سے ایک بچہ زخمی ہوگیا بارش کے باعث نوشکی اور مختلف علاقوں میں ندی نالوں میں تغیانی آنے سے راستے بند ہوگئے اور پانچ مکانات کو نقصان پہنچا،بارش اور برف باری کے باعث بجلی اور گیس کی بندش سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا محکمہ موسمیات کی جانب سے آئندہ 2روز میں مزید بارش اور برف باری کی پیشنگوئی کی گئی ہے شدید سردی کی وجہ سے لوگ گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے ہیں۔ چمن، قلع. عبداللہ، گلستان، توبہ اچکزئی اور دیگر علاقوں میں شدیدبرف باری تفصیلات کے مطابق چمن، قلع عبد اللہ، گلستان، توبہ اچکزئی اور شمالی بلوچستان میں ریکارڈ برفباری ہونے سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئی شدید برفباری سے کوئٹہ چمن بین الاقوامی شاہراہ جزوی طور پر بند ہوگئی۔ ایف سی بلوچستان کی جانب سے ڈھک چاغی میں ریسکیو آپریشن جاری ہے ، آرمی چیف نے ریسکیو آپریشن مکمل ہونے تک مکمل اقدامات جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔چترال میں گزشتہ دو دنوں سے جاری شدےد برفباری کے نتیجے میں کاروبار زندگی معطل ہوکر رہ گئی ہے، شہر مےں ڈےڑھ فٹ جبکہ بالائی علاقوں مےںتےن سے چار فٹ برف پڑی ہے۔ جس کے نتےجے مےں نےشنل گرڈ سے چترال کو ملنے والی بجلی گزشتہ رات سے منقطع ہونے کی وجہ سے چترال ٹاون تارےکی مےں ڈوبا ہوا ہے۔شدےد برف باری کی وجہ سے ضلع کی تمام وےلےز کی رابطہ سڑکیں موٹر گاڑیوںکی ٹریفک کے لئے بند، بجلی، درخت اور ٹیلیفون کے پول جگہ جگہ گرنے کی وجہ سے عوام بجلی اور ٹیلیفون کی سہولیات سے محروم ہیں۔دریں اثنا بارش اور برفباری کے باعث لوئر دیر اور ڈی آئی خان میں تین افراد جاں بحق ہو گئے۔ ڈوگ دورہ میں چھت گرنے سے دکاندار جاں بحق ہو گیا۔ ادھر ڈی آئی خان کے علاقے اڈا مقیم شاہ میں بارش کے باعث گھر کی چھت گرنے سے دو بھائی جاں بحق اور ماں زخمی ہو گئی۔
بارش برف باری

ای پیپر-دی نیشن