ڈیوس کپ کھلاڑی حمید الحق کو آئی ٹی ایف کمٹمنٹ ایوارڈ سے نوازا گیا
اسلام آباد(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کے سابق ڈیوس کپ کھلاڑی اورحسن کارکردگی کا صدارتی تمغہ یافتہ حمید الحق کو ان کی ٹینس کے کھیل کیلئے شاندار خدمات پر" آئی ٹی ایف کمٹمنٹ ایوارڈ" سے نوازا گیا۔ڈیوس کپ ایشیااوشیاناگروپٹومیںپاکستاناورایرانکے درمیان ڈبلز مقابلے سے قبل انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن کی جانب سے یہ پروقار ایوارڈ آئی ٹی ایف کے انٹرنیشنل ریفری سٹیفن اپوسٹولو اورپاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر سلیم سیف اللہ خان نے حمید الحق کو پیش کیا۔ یہ ایوارڈ دنیا بھر میں ان کھلاڑیوں کو دیا جاتا ہے جنہوں نے 20یا اس سے زائد ڈیوس کپ میچوں میں اپنے ملک کی نمائندگی کی ہو۔ اس ایوارڈ کا اجراء 2013ء میں ڈیوس کپ کی صد سالہ تقریبات کے موقع پر کیا گیا۔ دنیا بھر میں 339کھلاڑیوں کو یہ پروقار ایوارڈ مل چکا ہے۔ پاکستان کی 70سالہ ٹینس کی تاریخ میں اب تک تین کھلاڑی آئی ٹی ایف کے اس ایوارڈ کے حقدارٹہرے ہیں جن میں حمید الحق کے علاوہ ایصام الحق قریشی اور عقیل خان شامل ہیں۔ ایصام الحق اور عقیل خان کو یہ ایوارڈ سری لنکا میں منعقدہ ڈیوس کپ ٹائی کے موقع پر مل چکا ہے۔ حمید الحق نے 1984میں پہلی بار ڈیوس کپ میں پاکستان کی نمائندگی کی اس کے بعدوہ مختلف ممالک کے خلاف 21بار ڈیوس کپ مقابلوںمیں شریک ہوئے اور مجموعی طور پر24سنگلز/ڈبلز میچوں میں سے 19میچ جیت کر پاکستان کا نام روشن کیا۔ انہوں نے1984میں مختلف ممالک کے خلاف سات میچ کھیلے اور چھ میں کامیابی حاصل کی۔ حمید الحق نے اپنے ٹینس کیئریر میں ڈیوس کپ سمیت400کے لگ بھگ قومی و بین الاقوامی میچز کھیلے جن میں سے 178 ٹائٹل جیتے اور 100مرتبہ رنرز اپ رہے۔ ان کی ٹینس کیلئے گرانقدر خدمات کے اعتراف میں انہیں 2000ء میں سابق صدر رفیق تارڑ کے دور میں حسن کارکردگی کا صدارتی تمغہ بھی مل چکا ہے۔